ہر موسم میں نیا ذائقہ: شہد کی مکھیوں کی پورے پاکستان کی سیر

سید احسن اور ان کی شہد کی مکھیوں نے آج کل بلوچستان کے شہر زیارت میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں اور یہ ہر نئے موسم میں نئے علاقے سے نئے ذائقے کا شہد حاصل کرتے ہیں۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں تجارتی پیمانے پر شہد تیار کیا جاتا ہے اور اس کے لیے مختلف جنگلات اور باغات میں شہد کے فارم بنائے گئے ہیں۔

شہد کے یہ فارم بلوچستان کے سرد ترین شہر زیارت اور اس سے 18 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع چوتیر میں بھی موجود ہیں۔

زیارت میں ایک شہد فارم کے مالک سید احسن بتاتے ہیں کہ شہد کی مکھیوں کے لیے پھولوں سے رس حاصل کرنے کے پاکستان میں پانچ موسم ہیں۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’پہلا سیزن زیارت میں سیب اور چیری کے باغات کا ہے۔ ہم مکھیوں کو ان باغات میں پھولوں سے رس حاصل کرنے کے لیے چھوڑتے ہیں جس کے بعد یہ مکھیاں رس حاصل کرکے اپنے فارمز میں لوٹ جاتی ہیں، جہاں وہ شہد دیتی ہیں۔‘

زیارت میں ہی ایک اور سیزن جڑی بوٹی مورے اور لوینڈر نامی پھول (جسے مقامی زبان میں شیشوبے کہا جاتا ہے) کا بھی ہے، جن کے رس سے شہد حاصل کیا جاتا ہے۔

سید احسن نے بتایا کہ ان مکھیوں کو صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقوں کرک اور کوہاٹ کے ساتھ پنجاب میں میانوالی بھی لے جایا جاتا ہے جہاں بیری کے پھول کے سیزن میں مکھیاں رس حاصل کرتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ پھول کا جیسا ذائقہ اور رنگ ہوگا، شہد بھی اسی ذائقے اور رنگ کا حاصل ہوتا ہے۔

مکھیوں کو مالٹے کے سیزن میں سرگودھا اور دیگر علاقوں میں بھی لے جایا جاتا ہے، جہاں مالٹے کے پھول کا رس حاصل کرکے شہد کی فارمگنگ کی جاتی ہے۔

سید احسن کے مطابق: ’ہم پورا سال شہد کی مکھیوں کو پھولوں کے مختلف سیزن میں رس حاصل کرنے کے لیے پورے پاکستان کا چکر لگواتے ہیں۔‘

مختلف پھولوں کے رس سے حاصل ہونے والے شہد کی قیمیں بھی مختلف ہوتی ہیں۔ شہد فارمنگ کے کاروبار سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ مورے کی جڑی بوٹی سے حاصل کیا جانے والا شہد رنگت اور تیز خوشبو کی وجہ سے زیادہ مفید  اور قیمتی ہے جس کی مارکیٹ میں فی کلو قیمت 25 سو روپے تک ہے۔

سید احسن نے بتایا کہ بیری سے حاصل ہونے والے شہد کی فی کلو قیمت بھی 25 سو روپے تک ہے۔ بیری سے حاصل کیے جانے والے شہد کا زیادہ حصہ بیرون ممالک بھیجا جاتا ہے۔

 سید احسن کے زیارت میں موجود شہد کے فارمز میں لوگ سیر و تفریح کے لیے بھی آتے ہیں جہاں وہ اپنے بچوں کے ساتھ تصاویر کھنچواتے ہیں۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان