ہنی مون پر سیل کو چھونے پہ امریکی جوڑے کو جرمانہ

ہوائی کے مونک سیل کو پریشان کرنے یا چھونے کے جرم میں 50 ہزار ڈالرز تک جرمانہ اور پانچ سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔

دنیا میں تقریباً 1400 مونک سیل  بچے ہیں (اے ایف پی )

امریکی ریاست ہوائی میں مونک نسل کے ایک سیل کو پریشان کرنے والی ایک خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہنی مون پر آئے اس جوڑے پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

گذشتہ ماہ لوزیانا سے تعلق رکھنے والا یہ جوڑا ریاست کے کوائی جزیرے پر اپنے ہنی مون کے لیے موجود تھا جب انہوں نے اس فوٹیج کو ریکارڈ کیا جس میں خاتون معدومیت کے خطرے سے دوچار جانور کو چھوتے ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔

پہلے پہل یہ ویڈیو موبائل ایپ ٹِک ٹاِک پر پوسٹ کی گئی تھی مگر hhhviral  نامی صارف کی جانب سے یہ ویڈیو کلپ انسٹاگرام پر ری پوسٹ ہونے کے بعد وائرل ہوگیا۔

جمعرات تک اس ویڈیو کو 60 ہزار لوگ دیکھ چکے تھے۔

فوٹیج میں دکھایا گیا کہ خاتون ساحل پر اکڑوں بیٹھ کر وہاں موجود سیل کے ساتھ تصویر کے لیے پوز لے رہی ہیں پھر وہ اس پر ہاتھ پھیرنا شروع کر دیتی ہیں جو تیزی سے پیچھے مڑ کر انہیں کاٹنے کی کوشش کرتا ہے۔

اس پر وہ خاتون ساحل کی جانب بھاگ کھڑی ہوتی ہیں جب کہ سیل دوبارہ ریت پر لیٹ جاتا ہے۔

سمندر اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے امریکی ادارے این او اے اے نے جرمانے کے بارے میں بات کرنے کے لیے اس جوڑے سے رابطہ کیا تاہم اس جرمانے کی رقم ظاہر نہیں کی گئی۔

ریاستی قانون کے مطابق ہوائی کے مونک سیل کو پریشان کرنے یا چھونے کے جرم میں 50 ہزار ڈالرز تک جرمانہ اور پانچ سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔

خاتون کے شوہر سٹیفن نے منگل کو مقامی اخبار ’ہونولولو سٹار ایڈورٹائزر‘ کو بتایا کہ انہوں نے اس قانون کے بارے میں کوئی انتباہی سائن بورڈ نہیں دیکھا اور انہیں اس واقعے پر بہت افسوس ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اور ان کی اہلیہ کا کسی کو تنگ کرنے یا قانون کی خلاف ورزی کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

این او اے اے کے مطابق ہوائی مونک سیل کرہ ارض پر سب سے زیادہ معدومیت کے خطرے کا سامنا کرنے والی انواع میں سے ایک ہے اور اس نسل کے تقریباً 1400 جانور بچے ہیں۔ یہ ہوائی کے تمام جزیروں پر پائے جاتے ہیں۔

ریاست ہوائی میں سیاحوں کو جنگلی حیات کو پریشان کرنے یا ہراساں کرنے پر اکثر جرمانوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔2017 میں ایک خطرے سے دوچار سبز سمندری کچھوے کو ہاتھ میں اٹھانے پر ایک شخص کو 750 ڈالرز کا جرمانہ ادا کرنا پڑا تھا۔

اس شخص نے یہ تصویر سوشل میڈیا پر ’وقت کم ہے لیکن ہم نے اپنے ننگے ہاتھوں سے کسی سمندری کچھوے کو پکڑ کر 20 ہزار ڈالرز جرمانے ادا کرنے کا خطرہ مول لیا ہے‘، عنوان کے ساتھ پوسٹ کی تھی۔

امریکی ادارے ’یو ایس فش اینڈ وائلڈ لائف‘ کی ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے جاری فہرست کے مطابق ہوائی ریاست میں 502 انواع کو معدومیت کے خطرے کا سامنا ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات