پاکستان کی پے در پے شکستوں کا سلسلہ ختم

پاکستان نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں وائٹ واش ہونے کے بعد پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو 31 رنز سے ہرا دیا۔

17 جولائی، 2021 کو کھیلے گئے ناٹنگھم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے حارث رؤف انگلش بلے باز معین علی کا کیچ پکڑ رہے ہیں (روئٹرز)

پاکستان نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں وائٹ واش ہونے کے بعد پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو 31 رنز سے ہرا دیا۔

آج ناٹنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے میزبان کپتان کے فیصلے کو غلط ثابت کرتے ہوئے مضبوط بنیاد فراہم کی۔

دونوں اوپنرز نے کھل کر شاٹس کھیلے اور ایک اچھے رن ریٹ کے ساتھ سکور کو پندرہویں اوور میں 150 رنز تک پہنچا دیا۔

اس موقعے پر انگلینڈ کو رضوان کی صورت میں پہلا بریک تھرو ملا جب وہ لوئس گریگوری کی گیند پر بریسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

رضوان نے 41 گیندوں پر 63 رنز بنائے۔ انہوں نے آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

بابر اعظم بھی دو اوورز بعد 175 رنز کے مجموعی سکور پر ڈیوڈ ویلی کا نشانہ بن گئے۔ وہ 49 گیندوں پر شاندار 85 رنز بنا کر پاکستان کے ٹاپ سکورر رہے۔ ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

فخر زمان (26) اور محمد حفیظ (24) نے آخری اوورز میں تیز رنز بناتے ہوئے پاکستان کا سکور 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 232 تک پہنچا دیا۔

انگلش بولرز کی پرفارمنس آج اوسط درجے کی رہی۔ ٹام کیرن نے دو جبکہ گریگوری، ثاقب محمود اور ڈیوڈ ویلی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

233 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ نے حسب توقع تیز رفتاری سے رنز بنانا شروع کیے لیکن اس کی وکٹیں بھی اسی رفتار سے گرتی رہیں۔

اوپنر ڈیوڈ ملان (ایک رن) دوسرے ہی اوور میں 12 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

چوتھے اوور میں بریسٹو (11 رنز) اور پانچویں اوور میں معین علی (ایک رن) بھی چلتے بنے۔

اس موقعے پر جیسن روئے اور لیام لوئنگ سٹون نے اچھی پارٹنر شپ دکھائی اور تین وکٹیں گرنے کے باوجود رن ریٹ نیچے نہ آنے دیا۔

روئے 13 گیندوں پر 32 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کپتان بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔

روئے کے آؤٹ ہونے کے باوجود لیونگ سٹون نے شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین نصف سینچری سکور کر ڈالی۔

اس کارنامے کو سرانجام دینے کے لیے انہوں نے 17 گیندیں استعمال کیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لیونگ سٹون کے پچ پر موجود رہتے ہوئے پاکستان کے جیتنے کے امکانات کم ہوتے نظر آئے۔

لیکن پھر سترہویں اوور میں 183 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو ان کی قیمتی وکٹ ہاتھ لگ گئی۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 103 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور نو چھکے شامل تھے۔

انگلینڈ کے ٹیل اینڈرز نے بھی جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور میچ کو سنسنی خیز بنایا لیکن وہ ٹیم کو ریس لائن عبور نہ کروا سکے۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم بیسویں اوور میں 201 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب اور شاہین آفریدی نے تین، تین جبکہ عماد وسیم، حارث رؤف اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ لی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئٹنی میچ ہفتے کو شام ساڑھے چھ بجے پاکستانی وقت کے مطابق شروع ہو گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ