کراچی: شام کی زینیبون بریگیڈ سے رابطوں کے الزام میں شخص گرفتار

پولیس حکام کے مطابق ملزم علی رضا نقوی شام میں لڑنے والی تنظیم زینبیون کے ارکان سے رابطے میں تھے، تاہم مزید تفتیش میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔

شعبہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا سے کالعدم تنظیم سپاہ محمد کے مبینہ ٹارگٹ کلر سید علی رضا نقوی کو واردات سے قبل گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم علی رضا نقوی شام میں لڑنے والی تنظیم زینبیون کے ارکان سے رابطے میں تھے، تاہم مزید تفتیش میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔

سی ٹی ڈی کی پریس ریلیز کے مطابق گرفتاری عائشہ منزل پر واقع اسلامک ریسرچ سینٹر پر ہوئی۔ علی رضا کے پاس سے ٹی ٹی پستول اور 30 بور کی چار گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔سی ٹی ڈٰی کراچی کے ایس ایس پی عارف عزیز نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’ملزم واردات کے غرض سے جارہا تھا جس وقت اسے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کا تعلق کراچی سے ہے اور اس کی عمر تقریبا 40 سال ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ملزم علی رضا اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مخالف تنظیم کے افراد کے قتل کی کئی وارداتوں میں ملوث تھا۔ علی رضا کا ایک ساتھی اور سپاہ محمد کا  رکن اس سے قبل گرفتار ہوچکا ہے۔‘

سی ٹی ڈٰی ترجمان کے مطابق ’علی رضا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بیرون ملک چلا گیا تھا اور کچھ عرصے کے لیے پاکستان آتا جاتا رہتا تھا۔ اس بار ملزم علی رضا دہشت گردی کے لیے گروہ منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور کارروائی کے غرض سے جا رہا تھا جب سی ٹی ڈی نے اسے کارروائی سے قبل ہی گرفتار کرلیا۔‘

لوا زینبیون یا لشکر زینبیون شام کی حکومت کی حمایتی جنگجو تنظیم ہے، جس میں پاکستانیوں کی خاصی تعداد شامل ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سی ٹی ڈٰی ترجمان کے مطابق کالعدم تنظیم سپاہ محمد کے رکن سید علی رضا نقوی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کراچی کے تیموریہ تھانے کی حدود میں طاہر ملا نامی شخص اور دو افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا، شریف آباد کے علاقے میں میڈیکل سٹور پر دو افراد کا قتل کیا جب کہ فوٹو سٹیٹ کی دکان پر بھی ایک شخص کو قتل کیا۔ اس کے علاوہ خواجہ اجمیر نگری کے علاقے میں مسجد باب السلام میں نمازیوں پر فائرنگ کر کے آٹھ نمازیوں کو قتل کیا۔

سپاہ محمد ایک مسلح تنظیم اور سابقہ سیاسی جماعت ہے جو کہ 1990 میں بنائی گئی تھی۔ یہ تنظیم پاکستانی اہل تشیع کی جانب سے جماعت سپاہ صحابہ کے خلاف بنائی گئی تھی۔ اس تنظیم پر صابق صدر پرویز مشرف کے دور میں پابندی لگائی گئی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان