سوزوکی کا شہرہ آفاق ماڈل ’بولان‘ جسے عرف عام میں ’ڈبہ‘ یا ’کیری ڈبہ‘ کہا جاتا تھا، اب مبینہ طور پر مستقبل قریب میں بند ہونے جا رہا ہے۔
کئی برسوں تک خنجراب کی اونچائیوں سے کراچی کے ساحل تک رواں دواں رہنے والی یہ گاڑی اپنے طاقتور انجن کی بدولت پاکستان میں ’ملٹی پرپز وہیکل‘ کی بہترین مثال سمجھی جاتی تھی۔ اسے ہائی روف کے نام سے 80 کی دہائی کے اوائل میں لانچ کیا گیا۔
مارچ 2021 کے دوران سوزوکی ملتان موٹرز میں اس گاڑی کی ٹیسٹ ڈرائیو ڈیوٹی پر متعین بابر خان نے بتایا: ’ڈبہ اب بند ہو رہا ہے۔ اس سال مارچ میں جب میں وہاں تھا تو اس کی جگہ جو دوسری گاڑی آنی ہے، وہ ہمارے پاس ٹرائل کے لیے آئی۔ اس کا انٹیریئر بیج کلر میں ہے، بہت طاقتور اور خوبصورت گاڑی ہے۔ تین دن میں نے سوزوکی ایوری چلائی۔ انتہائی ہموار اور تھکن نہ دینے والی ڈرائیو ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا: ’محسوس ہوتا تھا کہ میں ڈبہ نہیں کوئی اچھی گاڑی چلا رہا ہوں۔ اس میں ایئر بیگ بھی ہوں گے۔ میں نے 30، 40 لوگوں کو گاڑی کی ٹرائی دلوائی۔ پھر سب کا فیڈ بیک ان کو بھیجا۔ پھر جو ملتان میں ہمارا ریجنل آفس ہے، اس سے میں نے قیمت پوچھی تو ان کا کہنا تھا کہ اس کی قیمت تقریباً 16 یا ساڑھے 16 لاکھ روپے ہوگی۔‘
جاپانی سوزوکی ایوری سے موازنہ کرتے ہوئے بابر کا کہنا تھا: ’جیسی جاپانی ایوری ہے، یہ تقریباً ویسی ہی ہوگی لیکن چونکہ یہ پاکستان اسمبلڈ ہے تو انیس بیس کا فرق ہو گا، مجھے تو اس سے بہتر ہی لگی۔‘
ہزار سی سی انجن ہو گا یا جاپانی ایوری کی طرح 660 سی سی، یہ انہیں ٹھیک سے یاد نہیں تھا۔
تاہم بابر کا کہنا تھا کہ سوزوکی راوی (پک اپ) بھی اب اے سی کے ساتھ مارکیٹ میں لانچ کی جائے گی۔
جاپانی سوزوکی ایوری بولان کی طرح فرنٹ انجن گاڑی ہے۔ فرنٹ وہیل ڈرائیو اس گاڑی کی گیارہویں جنریشن 2005 میں آئی جو گذشتہ برسوں میں امپورٹ ہونے کے بعد پاکستان میں عام مقامات پر دیکھی جا سکتی ہے۔
اس گاڑی میں بھی بولان کی طرح سلائیڈنگ دروازے ہوتے ہیں اور بالکل اسی طرح کی چوکور نما شکل میں یہ گاڑی تیار کی جاتی ہے۔
40 لیٹر پیٹرول ٹینکی کے ساتھ ایوری فائیو سپیڈ مینوئل اور آٹومیٹک میں سی وی ٹی ٹرانسمیشن کے ساتھ آتی ہے، جس کی وجہ سے اس کی فیول ایوریج 20 سے 24 کلومیٹر فی لیٹر تک کلیم کی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق جاپانی ہونے کی وجہ سے سپیئر پارٹس کا مہنگا ہونا اس گاڑی کو اب تک متوسط کاروباری طبقے میں مقبول نہیں بنا سکا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مارکیٹ میں سیکنڈ ہینڈ ایوری اس وقت 10 لاکھ سے شروع ہوکر 16 لاکھ تک کی پرائس بریکٹ میں دستیاب ہے۔
سوزوکی بولان 36 لیٹر فیول ٹینک کے ساتھ اے سی کے بغیر 18 سے 20 کلومیٹر فی لیٹر کی ایوریج دیتی ہے۔ بولان اس وقت ساڑھے دس لاکھ جب کہ نئی سوزوکی راوی (پک اپ) دس لاکھ 20 ہزار روپے میں بک کروائی جاسکتی ہیں۔
مختلف کار ویب سائٹس پر مشتہر خبروں کے مطابق سوزوکی بولان کے مبینہ طور پر مستقبل قریب میں بند ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس میں ایئر بیگز موجود نہیں ہیں اور سٹرکچر ایسا ہے کہ شامل کیے جانے کی گنجائش بھی نہیں نکل سکتی، جب کہ حکومت پاکستان کی جانب سے رواں سال کے آخر تک (18 ماہ کی چند مستثنیات کے ساتھ) ہر نئی بننے والی گاڑی میں ایئر بیگ لازمی قرار دیا جا چکا ہے۔
پاک سوزوکی موٹرز کے مطابق: ’ابھی تک کوئی آفیشل اناؤنسمنٹ نہیں کی گئی، لیکن کمپنی مستقبل میں کیا کرنے والی ہے، اس کی پالیسی وہ کبھی نہیں بتاتی۔ جب بھی کوئی گاڑی مارکیٹ میں آئے گی تو اس کی باقاعدہ مارکیٹنگ مہم چلے گی، ابھی تک ایسی کوئی اطلاع ہمارے علم میں نہیں ہے۔‘