فا وی ٹو گاڑی پاکستان میں بند، پرزے ’کچھ تو ہیں، کچھ ابھی نہیں ہیں‘

چین میں ’فا‘ کمپنی کی جانب سے وی ٹو ماڈل 2016 میں اس اعلان کے ساتھ بند کر دیا گیا تھا کہ اس کی بیرون ملک سپلائی جاری رکھی جائے گی۔

’فا‘ کمپنی 1956 میں سوویت یونین کے اشتراک سے چین میں قائم کی گئی۔(تصویر: فا ۔وی ٹو، کمپنی بروشر)

فا ڈیلر شپ آفس کے مطابق پاکستان میں فا (FAW) وی ٹو (V2) گاڑی ڈس کنٹینیو کر دی گئی ہے اور اس کے پرزے بھی ’کچھ موجود اور کچھ عدم دستیاب‘ ہیں۔

’فا وی ٹو‘ ایک چینی ساختہ 13 سو سی سی گاڑی ہے جو 2014  کے دوران پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کروائی گئی اور بوقت بندش اس کی قیمت 16 لاکھ نو ہزار روپے تھی۔

چین میں ’فا‘ کمپنی کی جانب سے وی ٹو ماڈل 2016  میں اس اعلان کے ساتھ بند کر دیا گیا تھا کہ اس کی بیرون ملک سپلائی جاری رکھی جائے گی۔  ویب سائٹ کے مطابق ’فا‘ کمپنی چین میں 1956 سے کام کر رہی ہے۔

الحاج موٹرز کی ایک ڈیلر شپ جو لاہور میں پہلے بطور ’فا مومینٹم موٹرز‘ تھری ایس سینٹر (وہ دکان جہاں گاڑی کی سیلز، سروس اور سپئیر پارٹس کی سہولیات دستیاب ہوں) جانی جاتی تھی اب پروٹان مومینٹم موٹرز کے نام سے موجود ہے۔

منگل 10 اگست 2021 کو پروٹان مومینٹم موٹرز فون کرنے پر ان کی نمائندہ مہوش کا کہنا تھا کہ ’فا وی ٹو، ڈس کنٹینیو کر دی گئی ہے۔‘ گاڑی کے مختلف پرزوں کے بارے میں پوچھنے پر ان کا کہنا تھا کہ ’کچھ تو ہیں ابھی اور کچھ ابھی نہیں ہیں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ مزید معلومات سپئیر پارٹس ڈیپارٹمنٹ سے لی جا سکتی ہیں۔

’فا وی ٹو‘ استعمال کرنے والے ایک صارف عبدالوحید شہاب سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’فی الوقت اس گاڑی کے سپئیر پارٹس کی فراہمی میں ایسا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔ کچھ مخصوص دکانیں ہیں جن سے وی ٹو کا سامان با آسانی مل جاتا ہے۔‘

’اس گاڑی کو دوسری درآمد شدہ جاپانی گاڑیوں کے پرزے بھی آسانی سے لگ جاتے ہیں۔ پچھلے دنوں میری گاڑی کا ماسٹر سیلنڈر خراب ہوا تو ٹویوٹا پاسو کا ماسٹر سلینڈر اس کی جگہ مکینک نے فٹ کر دیا، وہ بہترین چل رہا ہے۔ اس کے علاوہ وٹز کے بعض پرزے بھی اس گاڑی میں لگ جاتے ہیں۔‘

’فا وی ٹو‘ آٹو مارکیٹ میں جاپانی گاڑی ٹویوٹا وٹز کے مقابلے میں متعارف کروائی گئی تھی۔ کچھ ڈیلر شپس کے پاس تاحال فا وی ٹو سٹاک کی آخری چند گاڑیاں موجود ہیں۔ 

’فا‘ کمپنی وی ٹو سے پہلے اپنا ایک اور ماڈل سیریس (Sirius)   بھی بند کر چکی ہے جو 2013 میں بطور ایم پی وی (ملٹی پرپز وہیکل) متعارف کرائی گئی تھی اور ماہرین کے مطابق پاکستانی ایس یو وی مارکیٹ میں  وقت سے پہلے لیا گیا ایک قدم تھا۔

وی ٹو اور سیریس کے علاوہ دیگر ماڈلز کے بارے میں پوچھا تو کمپنی نمائندہ کا کہنا تھا کہ کیرئیر (لوڈر گاڑی کا ایک ماڈل) بھی جلد پاکستانی مارکیٹ میں آنا بند ہو جائے گا جب کہ ایکس پی وی ’ابھی مل رہا ہے۔‘

ایکس پی وی (XPV) فا کمپنی کی وہ گاڑی ہے جسے سوزوکی بولان (ڈبہ) کے مقابلے میں لانچ کیا گیا تھا۔ یہ ماڈل کمپنی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت 12 سے 15 لاکھ قیمت میں دستیاب ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پروٹان کی ڈیلر شپ کے حوالے سے جب پوچھا گیا تو سابقہ ’فا مومینٹم موٹرز‘ کی نمائندہ کا کہنا تھا کہ ’ابھی چونکہ پروٹان ہمارے پاس آ گئی ہے اس لیے اکٹھی دو ڈیلر شپ کرنا ہمارے لیے ممکن نہیں تھا۔‘

پاکستان میں ’فا‘ کے امپورٹ کنندگان الحاج فا موٹرز ’الحاج آٹو موٹوز‘ کے نام سے اس وقت ملائیشین کارساز ادارے پروٹان کی ڈیلر شپ کے تحت کام کر رہے ہیں۔ کمپنی ویب سائٹ کے مطابق 2006 میں پاکستانی آٹو مارکیٹ میں قدم رکھنے کے بعد 2019 سے الحاج کمپنی پروٹان کی آتھرائزڈ ڈیلر شپ اور پاکستان میں ان کے اسمبلر بننے کا معاہدہ کر چکی ہے۔

’فا‘ کمپنی 1956 میں سوویت یونین کے اشتراک سے چین میں قائم کی گئی۔ کمپنی ویب سائٹ کے مطابق FAW سے مراد First Automotive Works تھا۔ تاحال فا کمپنی کی مصنوعات سو سے زائد ممالک میں دستیاب ہیں۔ چین میں یہ کمپنی ہیوی لوڈر ٹرک اور عام مسافر گاڑیاں بنانے کے لیے جانی جاتی ہے۔1991  سے فا کمپنی جرمن کارساز ادارے واکس ویگن کے ساتھ اشتراک میں بھی آؤڈی اور مارک گاڑیاں تیار کر رہی ہے۔

چینگن، ڈونگ فینگ، سیک موٹرز کے علاوہ ’فا‘ چینی کارساز اداروں میں چوتھا بڑا نام سمجھا جاتا ہے۔ فا کا اشتراک چین میں ٹویوٹا، مزدا اور جنرل موٹرز کے ساتھ بھی رہا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان