امریکہ میں سیاہ فام خاتون کی تصویر والا 20 ڈالر کا نوٹ منسوخ

امریکہ میں غلامی کے خلاف جدوجہد کی علامت خاتون ہیرئٹ ٹبمین کی تصویروالے 20 ڈالر کے کرنسی نوٹوں کی تیاری روک دی گئی ہے۔

20 ڈالرکا نیا نوٹ 2028 سے پہلے منظرعام پر نہیں آ سکتا (اے ایف پی)۔

امریکہ میں غلامی کے خلاف جدوجہد کی علامت خاتون ہیرئٹ ٹبمین کی تصویروالے 20 ڈالرکے کرنسی نوٹوں کی تیاری روک دی گئی ہے۔

ہیرئیٹ ٹبمین افریقی نژاد امریکی خاتون تھیں۔

یہ اعلان ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے سامنے آیا۔

حکومت کا یہ اقدام سیاسی و سماجی سطح پر امتیازی سلوک کی شکار خواتین کے حقوق کے لیے ایک دھچکا ہے۔

2016 میں ہیرئٹ ٹبمین کی تصویرپہلی بار 20 ڈالرکے نوٹ پرچھاپنے کے حق میں ووٹ دیا گیا۔ اس کرنسی نوٹ نے 2020 میں منظر عام پرآنا تھا۔ یہ وہ موقع ہوتا جب امریکی آئین میں 19 ویں ترمیم کے سو سال پورے ہو جاتے۔ اس آئینی ترمیم کے تحت امریکہ میں خواتین کو مردوں کے مساوی ووٹ کا حق دیا گیا تھا۔

امریکی وزیرخزانہ سٹیون منوچن نے ایوان نمائندگان کی ڈیموکریٹ رکن آیانا پریسلے کے سوال کے جواب میں بتایا کہ کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں تبدیلی کا بنیادی مقصد جعلی کرنسی کے مسئلے سے نمٹنا ہے۔ اس بنیاد پر20 ڈالرکا نیا نوٹ 2028 سے پہلے منظرعام پر نہیں آ سکتا۔

ہیرئٹ ٹبمین 1820 میں امریکی ریاست میری لینڈ میں پیدا ہوئیں۔ یہ غلامی کا دور تھا۔ زندگی بھرکے استحصال کا شکار خاتون غلامی  کی زندگی سے بھاگ کر شمالی امریکہ منتقل ہو گئیں۔ جب وہ سرحد عبور کرکے امریکی ریاست پنسلوانیا میں داخل ہوئیں تو ان کے سر کی قیمت مقرر کی جا چکی تھی۔ انہیں غلامی سے نجات کے لیے 90 میل کا سفرکرنا پڑا تھا۔

ہیرئٹ ٹبمین شمالی ریاستوں کی جانب فرارکے بعد وہ وہاں رکی نہیں۔ انہوں نے اپنے خاندان اوردوسرے غلاموں کو بھی آزادی دلانے کا عزم کر رکھا تھا۔ انہوں نے زندگی داو پر لگاتے ہوئے جنوبی ریاستوں کی طرف واپسی کا رخ کیا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے زیرزمین ریل روڈ کے نام سے جانے والے سیف ہاوسز کا نیٹ ورک استعمال کیا۔

ہیرئٹ ٹبمین نے آٹھ  برس میں 20 بارخطرناک سفر کیا۔ 70 کے قریب غلاموں کی  محفوظ رہتے ہوئے آزادی کی جانب رہنمائی کی۔ اس وقت تک ان کی گرفتاری کے لیے رکھے گئے انعام کی رقم میں اضافہ ہوچکا تھا۔

مس ٹبمین نے اپنی تمام زندگی غلامی اور خواتین کے استحصال کے خاتمے کی جدوجہد میں گزارے۔ بدترین حالات میں عزم و ہمت کے مظاہرے پر مس ٹبمین خواتین کی دنیا میں حوصلے کی علامت بن کر ابھریں۔

2016 میں ہیرئٹ ٹبمین کی تصویرکی 20 ڈالر کے نوٹ پراشاعت کی خبرپر تبصرے میں سابق امریکی وزیر خزانہ جیک لیو نے کہا کہ ان کی نظر سے بہت سے بچوں کا تبصرہ اور ردعمل گزرا ہے اور ان سب کے لیے ہیرئٹ ٹبمین محض ایک تاریخی شخصیت نہیں بلکہ قیادت کے میدان اورجمہوری نظام میں ایک نمونہ ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ