گاڑیوں کی ڈیجیٹل چابی اور پورے قصبے کے لیے مفت بٹ کوائن

اس ہفتے ٹیکنالوجی کی دنیا میں کیا نیا سامنے آیا ہے، جانیے ان ٹاپ فائیو خبروں کے ذریعے۔

جینیسس ہنڈائی کمپنی کا پریمیم برانڈ ہے(تصویر: ہنڈائی موٹر کارپوریشن)

سام سنگ نے گلیکسی S21 کی ریلیز پر اپنے فونز میں گاڑیوں کے لیے ڈیجیٹل چابیاں لانے کا اعلان کیا تھا۔

اب کمپنی نے یہ فیچر باقاعدہ طور پر سب سے پہلے جنوبی کوریا میں جینیسس کی نئی آنے والی کراس اوور GV60 میں متعارف کروا دیا ہے۔

اس فیچر کی مدد سے آپ فون کو جیب سے نکالے بغیر اپنی گاڑی کھول یا بند کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ گاڑی کو سٹارٹ کرنا، ہارن بجانا اور شیشے اور سیٹوں کو بھی ایڈجسٹ کیا جا سکے گا۔

اس وقت یہ فیچر صرف یو ڈبلیو بی سپورٹ کے حامل سام سنگ S21 Plus اور الٹرا، نوٹ 20 الٹرا، گلیکسی Z Fold 2 اور 3 میں دسیتاب ہوگا۔


ایک کروڑ انڈروئیڈ فون نئے وائرس سے متاثر

ایک نئے اینڈروئیڈ میل ویر (malware) نے 70 ملکوں میں ایک کروڑ سے زائد موبائل فون ڈیوائسز کو متاثر کر دیا ہے۔

GriftHorse  نامی اس میل ویر کو موبائل سکیورٹی کمپنی زمپیریئم (Zimperium) کے محققین نے کھوجا ہے، جن کے مطابق یہ میل ویر گوگل پلے سٹور پر بظاہر غیر مشکوک ایپس کے ڈاؤن لوڈ ہونے سے پھیلا۔

انسٹال ہونے کے بعد ان ایپس میں خصوصی آفرز اور انعامات کے نوٹی فیکیشن آتے ہیں، جن میں صارف سے انعام حاصل کرنے کے لیے فون نمبر مانگا جاتا ہے۔

فون نمبر دینے پر صارف کو اس کی مرضی اور علم میں لائے بغیر ہی خود بخود ماہانہ 35 ڈالرز کی ایک ایس ایم ایس سبسکرپشن مل جاتی ہے اور یوں پیسے اس میل ویر کے پیچھے موجود گینگ کو منتقل ہو جاتے ہیں۔


فیس بک پر ٹک ٹاک طرز کی سروس

گذشتہ سال انسٹاگرام پر متعارف کرانے کے بعد اب فیس بک کمپنی چاہتی ہے کہ اس کی ٹک ٹاک جیسی سروس ’ریلز‘ (Reels) کو صارفین فیس بک پر آزمائیں۔

صارفین اب مختصر ویڈیوز کی کلیکشن کو اپنے فیس بک پیج پر دیکھنے کے علاوہ مختصر ویڈیوز بنا کر شیئر بھی کرسکیں گے۔

فی الحال یہ سروس امریکہ میں اینڈروئیڈ اور آئی او ایس پر دستیاب ہو گی۔


اب گوگل سے لائیو ترجمہ کریں

گوگل نے اپنی سروس Google Meet کے بیٹا ورژن میں براہ راست ترجمے پر مبنی کیپشن کا فیچر پیش کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس فیچر کی مدد سے دنیا بھر میں لوگ باآسانی ایک دوسرے کی زبان میں کہی بات سمجھ سکتے ہیں۔

یہ فیچر آن ہونے کی صورت میں لوگ اپنی مادری زبان میں جو کہیں گے، گوگل اسی وقت اس کا ترجمہ سکرین پر دکھا دے گا۔

فی الحال اس فیچر میں انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، پرتگالی اور جرمن زبانوں کی سپورٹ شامل ہے۔


پورے قصبے کے لیے مفت بٹ کوائن

امریکہ کی ریاست میسوری میں ایک قصبے کے میئر نے تمام گھروں کو 1000 ڈالرز مالیت کے بٹ کوائن مفت دینے کا وعدہ کیا ہے۔

کول ویلی کے میئر جیسن سٹیورٹ کا ماننا ہے کہ کرپٹو کرنسی سماجی تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے اور اس سے موجودہ معاشی نظام کی کئی خامیاں دور ہوسکتی ہیں۔

اس قصبے کی آبادی تقریباً ڈیڑھ ہزار ہے اور منصوبے کے لیے پہلے ہی مطلوبہ فنڈز اکھٹے ہو چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی