کشمیر: ’عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے پانچ بھارتی فوجی ہلاک‘

بھارتی فوج کے ترجمان کرنل دیوندر آنند نے بتایا: ’ایک سرچ آپریشن کے دوران ممکنہ طور پر دراندازی کرنے والوں نے ایک جونیئر کمیشنڈ افسر اور چار فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔‘

بھارت کے  نیم فوجی دستے سات  اکتوبر 2021 کو سری نگر کے مضافات میں ایک سرکاری سکول کے اندر پہرے پر کھڑے ہیں ۔مشتبہ  عسکریت پسندوں نے  حال ہی میں کچھ سکول ٹیچروں کو گولی مار کر ہلاک کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

بھارتی فوج کے ترجمان نے پیر کو کہا ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے پانچ فوجیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کرنل دیوندر آنند نے بتایا: ’ایک سرچ آپریشن کے دوران ممکنہ طور پر دراندازی کرنے والوں نے ایک جونیئر کمیشنڈ افسر اور چار فوجیوں کو ہلاک کر دیا جبکہ آپریشن جاری ہے۔‘

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فوجی اہلکار جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں دہشت گردوں کے خلاف ایک کارروائی میں مارے گئے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر علی الصبح سورن کوٹ کے قریبی گاؤں میں آپریشن کیا گیا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے دفاعی ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے سرچ آپریشن میں حصہ لینے والے فوجیوں پر شدید فائرنگ کی، جس سے ایک جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت پانچ فوجی بری طرح زخمی ہو گئے۔ بعدازاں پانچوں فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔

اس سے قبل آج اننت ناگ اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں ہونے والی جھڑپوں میں دو عسکریت پسند مارے گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔

 اگست 2019 میں کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کرکے اسے براہ راست مرکز کی حکمرانی میں لانے کے بعد سے مسلم اکثریتی علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ ہفتے چھ دن میں سات شہریوں کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے کشمیر اور پورے بھارت میں اشتعال پھیل گیا۔ تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاست دانوں نے ان ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔

پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گولی مارے جانے سے ہونے والی ہلاکتوں کے بعد پورے علاقے سے تقریباً 500 مکینوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ قاتلوں کو تلاش کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

دوسری جانب نئی دہلی نے تحقیقات کے لیے انسداد دہشت گردی ٹاسک فورس کے ایک بڑے افسر کو کشمیر بھیج دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بھارت میں انسداد دہشت گردی کے خلاف متحرک نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے سری نگر میں اتوار کو سکولوں کے 40 اساتذہ کو طلب کر کے ان سے پوچھ گچھ کی ہے۔

 حکام کے مطابق اس سال اب تک 29 شہریوں کو گولی مار کر ہلاک کیا جاچکا ہے جن میں بھارت نواز سیاسی جماعتوں کے کارکن بھی شامل ہیں۔ ہلاک کیے جانے والوں میں سے 20 مسلمان تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا