ویسٹ انڈیز کا دورہ: ’امید ہے این سی او سی بھرپور تعاون کرے گی‘

پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ٹی20 اور تین ایک روزہ میچ کھیلنے کے لیے دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان تمام میچ 13 سے 22 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے (اے ایف پی فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو بتایا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ٹی20 اور تین ایک روزہ میچ کھیلنے کے لیے دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان تمام میچ 13 سے 22 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ستمبر، اکتوبر میں ہوم سیریز کی منسوخی کے بعد اب دسمبر میں ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستانی مداحوں کو سنسنی خیز اور پرجوش کرکٹ مقابلے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

اس سے قبل ستمبر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی تھی تاہم وہ میچ شروع ہونے سے چند لمحے قبل سکیورٹی وجوہات کا بتا کر واپس چلی گئی۔

اس کے بعد اکتوبر میں انگلینڈ نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم انہوں نے بھی آنے سے انکار کر دیا۔

ویسٹ انڈیز دورے کی تصدیق کے بعد رمیز راجہ نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز ہمیشہ سے پاکستان کرکٹ فینز کی پسندیدہ ٹیم رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’مجھے امید ہے کہ این سی او سی اس سیریز کے لیے تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے کر ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔‘

واضح رہے کہ اپریل 2018 کے بعد یہ ویسٹ انڈیز کا پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔

مہمان ٹیم تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے 2018 میں پاکستان آئی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے آخری مرتبہ 2006 میں پاکستان کی سرزمین پر کوئی ون  ڈے انٹرنیشنل سیریز کھیلی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ