الیکشن کمیشن پر الزامات: فواد چوہدری نے زبانی معافی مانگ لی

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری منگل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوئے، جہاں انہوں نے کہا کہ وہ کسی جھگڑے میں نہیں پڑنا چاہتے اور کمیشن سے معافی کے خواست گزار ہیں۔

سماعت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں  فواد حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے بینچ سے زبانی معافی مانگ لی ہے، جو کافی ہے (تصویر:فواد چوہدری فیس بک اکاؤنٹ)

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے خلاف لگائے گئے الزامات پر زبانی معافی مانگ لی۔

الیکشن کمیشن کے اراکین نثار احمد درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل بینچ نے وفاقی وزیر کو تحریری معافی نامہ جمع کرنے کا حکم دیا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری الیکشن کمیشن کے دو رکنی بینچ کے سامنے منگل کی صبح پیش ہوئے، جہاں انہوں نے کہا کہ وہ کسی جھگڑے میں نہیں پڑنا چاہتے اور کمیشن سے معافی کے خواست گزار ہیں۔

الیکشن کمیشن کا دو رکنی بینچ چوہدری فواد حسین اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کے خلاف کارروائی کی سماعت کر رہا ہے۔

دونوں وفاقی وزرا پر الیکشن کمیشن آف پاکستان خصوصاً کمیشن کے چیئرمین پر سنگین الزامات لگانے کے الزامات ہیں۔

گذشتہ سماعت کی طرح منگل کو بھی پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد کمرہ عدالت میں موجود تھی، جس کے باعث کارروائی میں خلل بھی پڑا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی کابینہ کے اراکین کو فواد چوہدری اور اعظم سواتی کی الیکشن کمیشن کے مسئلے پر حمایت کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے بینچ کے سامنے پیش ہو کر کہا کہ وہ وفاقی حکومت اور وفاقی کابینہ کے ترجمان ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے بیانات ان کے ساتھ منسوب کر دئیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وکیل کی حیثیت سے وہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ بھی کوئی ذاتی پرخاش نہیں رکھتے۔

سماعت کے دوران ایک موقعے پر بینچ کے رکن شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ وکیل عدالت کے اندر لڑتے ہیں نہ کہ باہر۔

سماعت کے آخر میں بینچ کے رکن اور الیکشن کمیشن کے سندھ سے ممبر نثار درانی نے وفاقی وزیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تحریری معافی نامہ جمع کروائیں تو پھر بینچ مناسب حکم جاری کرے گا۔

سماعت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے بینچ سے زبانی معافی مانگ لی ہے، جو کافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا قانون آئندہ اجلاس میں منظور کروایا جائے گا اور اس سلسلے میں تحریک انصاف کو اتحادیوں کی پوری حمایت حاصل ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان