کیشیئر کے بغیر کافی شاپ اور ایپل کی 2025 میں کار؟

ٹیکنالوجی کی دنیا کے اس ہفتہ وار سلسلے میں خوش آمدید

سٹار بکس کی اس کافی شاپ میں کافی کے پیسے خود بخود آپ کے اکاؤنٹ سے کاٹ لیے جائیں گے (روئٹرز)

ٹیکنالوجی کی دنیا کے اس ہفتہ وار سلسلے میں خوش آمدید۔ ہم آپ کے لیے یہاں اس ہفتے کی ٹیکنالوجی سے منتخب کردہ پانچ خبریں پیش کر رہے ہیں۔

ایپل کی کار 2025 میں؟

ایپل نے ایک نئے پروسیسر پر اپنا بنیادی اور اہم کام مکمل کر لیا ہے۔ بلوم برگ کے مطابق یہ پروسیسر کمپنی کے ’ٹائٹن‘ نامی خفیہ خودکار الیکٹرک گاڑیوں کے منصوبے کا کلیدی حصہ ہے۔

بلوم برگ کے مارک گرمن نے رپورٹ کیا ہے کہ یہ سنگ میل عبور کرنے کے بعد کمپنی نے اپنی خود کار گاڑی تیار کرنے کے عمل کو تیز کرتے ہوئے اگلے چار سالوں میں پیش کرنے کا نیا ہدف مقرر کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ پروسیسر ٹائٹن منصوبے کا سب سے ایڈوانس حصہ ہے اور اب کمپنی بظاہر تیاری کر رہی ہے کہ اسے کیلی فورنیا میں اپنی تجرباتی گاڑیوں میں نصب کر کے پرفارمنس چیک کرے۔

رپورٹ کے مطابق ٹائٹن منصوبے کے تحت تیار ہونے والی گاڑی میں سٹیئرنگ ویل نہیں ہو گا۔

ایپل کار کے منصوبے پر 2014 میں کام شروع ہوا تھا اور اتنے سالوں میں اس میں کئی تبدیلیاں ہوئیں۔

یہ منصوبہ اب تک پانچ سربراہوں کی نگرانی میں رہا ہے اور پچھلے سال اس کی قیادت ایپل واچ کے سربراہ کیون لنچ کو سونپی گئی تھی۔


علی بابا کو تین مہینوں میں اربوں یوان کا نقصان

چین کے سب سے بڑے ای کامرس پلیٹ فارم علی بابا کے مطابق رواں سال جولائی سے ستمبر کی سہ ماہی میں اسے صرف 5.37 ارب یوان کا منافع ہوا جو گذشتہ سال اسی عرصے میں 28.77 یوان تھا۔

چین کے سب  سے بڑے ای کامرس گروپ علی بابا  نے بتایا کہ گذشتہ سہ ماہی میں اس کے منافعے میں 81 فیصد کمی واقع ہوئی۔

یہ کمی ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے جب حکومت ملک کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیز پر کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔

تاہم گروپ نے اپنے منافعے میں کمی کی وجہ اس کریک ڈاؤن کو قرار نہیں دیا۔


کیشیئر کے بغیر کافی شاپ

آپ عموماً کافی خریدنے کے بعد کیشیئر کو پیسے ادا کرنے کے لیے رکتے ہیں اور اگر کافی شاپ میں رش ہو تو ادائیگی میں کچھ وقت صرف ہو جاتا ہے۔

تاہم اب آپ کا یہ قیمتی وقت بھی ضائع نہیں ہوگا۔

امریکی کافی چین سٹار بکس اور آن لائن کمپنی ایمزون نے جمعرات کو نیویارک میں ایک کافی شاپ کھولی ہے جہاں گاہک کیشیئر کی مدد کے بغیر چیک آؤٹ کر سکتے ہیں۔

مین ہٹن میں واقع یہ نیا کیفے Amazon Go  گروسری سٹورز کی ’جسٹ واک آؤٹ‘ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتا ہے، جہاں صارفین کی خریداری کو سینسر اور کیمروں کے ذریعے ریکارڈ کیا جاتا ہے۔

صارفین یا تو سٹاربکس ایپ کے ذریعے آرڈر کی گئی ڈرنک اٹھا سکیں گے یا ایمزون کوڈ کا استعمال کرتے ہوئے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

اس کافی شاپ میں کافی کے پیسے خود بخود آپ کے اکاؤنٹ سے کاٹ لیے جائیں گے۔


کرپٹو کرنسی نوجوان نسل کو خراب کر دے گی: مودی

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے متنبہ کیا ہے کہ بٹ کوائن نوجوان نسل کے لیے ایک خطرہ ہے۔

نریندر مودی کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ان کی حکومت کرپٹو کرنسیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے قانون سازی کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

ایک آن لائن سائبرسکیورٹی فورم میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے بھارت میں انتہائی مقبول لیکن ریاستی اور مرکزی بینک کے کنٹرول سے باہر ورچوئل منی کے بارے میں کہا کہ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

’مثال کے طور پر کرپٹو کرنسی یا بٹ کوائن کو لے لیں۔ یہ ضروری ہے کہ تمام جمہوری قومیں مل کر اس پر کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ غلط ہاتھوں میں نہ جائے، جو ہمارے نوجوانوں کو خراب کر سکتا ہے۔‘

سرمایہ کاری پورٹل BrokerChooser کی گذشتہ ماہ کی ایک رپورٹ کے مطابق آج 10 کروڑ سے زیادہ بھارتیوں نے ورچوئل کرنسیوں کو اپنا لیا ہے، جو صارفین کے لحاظ سے ملک کو صرف امریکہ، روس اور نائیجیریا سے پیچھے رکھتا ہے۔


ہجوم سے دور رہنا چاہتے ہیں تو گوگل میپس حاضر ہے

گوگل میپس آپ کو دوسرے لوگوں سے بچنے یا انہیں تلاش کرنے میں مدد کے لیے نئی خصوصیات شامل کر رہا ہے۔

نیا Busyness trends کا ٹول ان علاقوں کو دکھائے گا جہاں ہجوم کا امکان ہے تاکہ صارفین ایسے مقامات سے بچنا چاہیں تو بچ سکیں۔

گوگل نے طویل عرصے سے مخصوص ٹرین لائنوں یا مقامات کے لیے اسی طرح کی خصوصیات پیش کی ہیں۔ لیکن نیا ٹول یہ معلوم کرنا آسان بناتا ہے کہ آیا اس وقت کوئی خاص محلہ یا علاقہ پرہجوم ہے یا نہیں۔

یہ نیا ٹول اینڈروئیڈ اور آئی او ایس پر آ رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی