رواں سال ٹویوٹا اپنے کامیاب ترین ماڈل کی گاڑیوں میں سے ایک ’لینڈ کروزر‘ کی 70ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ لینڈ کروزر کا پہلا ماڈل کب آیا؟ اب تک لینڈ کروزر کتنے لاکھ کی تعداد میں فروخت ہو چکی ہے؟ اس جیپ کا نام لینڈ کروزر کیوں رکھا گیا؟ آئیے ان جیسے 20 سوالات کے جواب جانیے۔
1: ٹویوٹا لینڈ کروزر کا پہلا ماڈل اگست 1951 میں آیا جو اصل میں امریکن جیپ جیسا تھا۔
2: لینڈ کروزر کے مختلف ماڈل 1951 سے اب تک دنیا کے 170 سے زائد ممالک میں موجود ہیں۔
3: ٹویوٹا 1951 سے 2021 تک ایک کروڑ چار لاکھ لینڈ کروزرز فروخت کر چکا ہے اور اس کی سالانہ پیداوار تقریباً تین لاکھ یونٹ ہے۔
4: اس گاڑی کو دنیا کی محفوظ ترین گاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
5: لینڈ کروزر قدرتی آفات سے بچاؤ کی مختلف امدادی سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کی جاتی رہی جیسے زلزلہ، سیلاب یا جنگی علاقوں سے نقل مکانی۔
6: ٹویوٹا کی طرف سے لینڈ کروزر کی سٹیشن ویگن جیپیں ہی نہیں ٹرک بھی بنائے گئے۔
7: لینڈ کروزر کے پہلے ماڈل کا نام بی جے تھا جو ایک فور وہیل ڈرائیو جیپ تھی۔ یہ جیپ ماؤنٹ فجی کے چھٹے پوائنٹ تک چڑھ جانے کا ریکارڈ بھی رکھتی ہے۔
8: بی جے جاپان میں پولیس پٹرول کار کے طور پر استعمال ہونے کے لیے بنائی گئی۔
9: 1954 میں بی جے کا نام لینڈ کروزر رکھا گیا چونکہ ’جیپ‘ نام کے کاپی رائٹس ’ولیز‘ کمپنی کے پاس تھے۔
10: 1955 میں لینڈ کروزر کا سیریز 20 ماڈل آیا جو سویلین استعمال کے لیے تھا۔
11: 1960 میں آنے والی لینڈ کروزر 40 سیریز اب بھی پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں کامیابی سے چلتی دیکھی جا سکتی ہے۔ یہ ماڈل 24 سال تک دنیا بھر میں ’فورٹی‘ کے نام سے مقبولیت کی انتہاؤں پر رہا۔ اس کے بعد 55 اور 60 ماڈل مارکیٹ میں لائے گئے۔
12: 1984 میں لینڈ کروزر 70 متعارف کروائی گئی۔
13: 1989 سے شروع ہونے والا 80 سیریز ماڈل لینڈ کروزر کا اب تک کامیاب ترین ماڈل سمجھا جاتا ہے۔ بعد ازاں سیریز 100، 120، 150 اور 200 لانچ کیے گئے۔
14: پراڈو لینڈ کروزر کا پہلا ماڈل 1990 میں آیا جو نسبتاً لائٹ ڈیوٹی ماڈل سمجھا جاتا ہے۔ یہ عام لینڈ کروزر کا ایک نسبتاً چھوٹا اور سستا ویرینٹ تھا۔
15: 2021 میں ٹویوٹا لینڈ کروزر کی 70 ویں سالگرہ پر جو ماڈل پیش کیا گیا وہ 300 سیریز کے نام سے ہے اور وہ سیریز 80، 100 اور 200 کے ماڈلز کو فالو کرتے ہوئے ہی بنایا گیا ہے۔
16: ٹویوٹا کی 300 سیریز نئی لینڈ کروزر کا وزن پچھلے ماڈل سے 200 کلو گرام کم ہے۔
17: ٹویوٹا لینڈ کروزر 3.5 لیٹر پٹرول اور 3.3 لیٹر ڈیزل انجن میں دستیاب ہے جو وی سکس انجن کے ساتھ لانچ کی گئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
18: لینڈ کروزر ایل سی 300 امریکہ میں فروخت کے لیے پیش نہیں کی گئی چونکہ ایل سی 200 امریکہ میں کچھ خاص فروخت نہیں ہو سکا تھا۔ وہاں یہ ماڈل لیکزس کی صورت میں متعارف کروایا جائے گا۔
19: ویب سائٹ موٹر ون کے مطابق دنیا بھر میں ٹویوٹا لینڈ کروزر کی ڈیلیوری بکنگ کے چار سال بعد ممکن ہو پائے گی۔
20: یو اے ای میں اس گاڑی (ایل سی 300) کی قیمت دو کروڑ پاکستانی روپے کے لگ بھگ ہے۔