پاکستان میں ٹویوٹا کرولا کا نیا ماڈل آ رہا ہے؟ اہم خصوصیات اور قیمت؟

ٹویوٹا پاکستان کی تاریخ اگر دیکھیں تو سپیشل ایڈیشن عموماً ایسے وقتوں میں سامنے آتے ہیں جب کرولا کا نیا ماڈل آنے والا ہوتا ہے۔

ٹویوٹا پاکستان ہائبرڈ گاڑیوں میں سرمایہ کاری کی جانب قدم اٹھا رہی ہے(تصاویر: ٹویوٹا ملائیشیا ویب سائٹ)

ٹویوٹا دنیا بھر میں کرولا گاڑیوں کی ریکارڈ تعداد پانچ کروڑ یونٹس فروخت کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔  

اس موقعے پر ٹویوٹا پاکستان نے صارفین کے لیے کرولا آلٹس کا ایک ’سپیشل ایڈیشن‘ لانچ کیا ہے جس کی بکنگ ایک دو دن کے اندر شروع کر دی جائے گی۔

ٹویوٹا ملتان موٹرز کے نمائندے محمد عمران سے جب اس بارے میں تصدیق کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایلوکیشن آنا باقی ہے، ایک بار کمپنی کی طرف سے کوٹہ مل جائے کہ ایک مہینے میں کتنی بکنگ کرنی ہے تو ہم لوگ آرڈر لینا شروع کر دیں گے۔

کرولا آلٹس ایکس 1.6 سپیشل ایڈیشن کی خصوصیات

گرینڈی کی طرح سن روف کے ساتھ ساتھ اس گاڑی میں پش سٹارٹ اور آٹو میٹک کلائمیٹ کنٹرول سمیت کئی ایسی دوسری خصوصیات موجود ہیں جن کے بعد سپیشل ایڈیشن آلٹس اور گرینڈی کے درمیان فرق شاید دو سو سی سی انجن اور ٹرانسمیشن کا ہی رہ جائے گا۔ آلٹس ایکس سپیشل ایڈیشن کی قیمت 35 سے 36 لاکھ کے درمیان رکھی جائے گی۔  

نئے ماڈل (بارہویں جنریشن کرولا ہائبرڈ 2022) کی جانب اشارہ کرتی خبریں

ٹویوٹا پاکستان کی تاریخ اگر دیکھیں تو سپیشل ایڈیشن عموماً ایسے وقتوں میں سامنے آتے ہیں جب کرولا کا نیا ماڈل آنے والا ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر ایکس ای لمیٹڈ ایڈیشن سن روف کے ساتھ 2001 میں اس وقت آیا جب پاکستان میں نیا ماڈل لانچ ہونے والا تھا، ایکس ایل آئی آٹو میٹک 2019 میں آئی اور پھر بننا بند ہو گئی، اسی طرح ایکس ایل آئی میں میٹیلک پینٹ کے ساتھ بھی یہی سپیشل ایڈیشن والا معاملہ تھا۔ کرولا انڈس سے پہلے کے ماڈلز میں بھی اگلی جنریشن آنے سے پہلے سپیشل ایڈیشن کے کیس یاد کیے جا سکتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس بات کو تقویت یہ خبر بھی دیتی ہے کہ ٹویوٹا پاکستان ہائبرڈ گاڑیوں میں سرمایہ کاری کی جانب قدم اٹھا رہی ہے۔ ٹویوٹا ویب سائٹ کے مطابق آٹھ ستمبر 2021 کو وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران ٹویوٹا انڈس کی جانب سے وائس چئیرمین شنجی یماگی اور علی اصغر جمالی کا کہنا تھا کہ ٹویوٹا پاکستان میں ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیاں بنانے کے لیے پلانٹس پر 10 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرے گی۔

سوال یہ ہے کہ سرمایہ کاری کیوں ہو گی؟ اس کا جواب یہ ہے کہ کرولا کی بارہویں جنریشن میں ہائبرڈ انجن استعمال کیا جا رہا ہے اور پاکستان میں وہ ماڈل مقامی طور پہ اسمبل کرنے کے لیے اور دوسرے ہائی اینڈ ویرئینٹس مقامی طور پہ بنانے کے لیے یہ سرمایہ کاری ضروری ہے۔

ٹویوٹا کا نیا ماڈل کب آ رہا ہے؟

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پہ ٹویوٹا پاکستان کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ اگلے سال یعنی 2022 کے جون جولائی یا اگست تک پورے امکانات ہیں کہ ٹویوٹا کرولا کا نیا ماڈل لانچ کر دیا جائے گا۔

ٹویوٹا کرولا کے ممکنہ 2022 ماڈل کی خصوصیات کیا ہیں؟

ٹویوٹا کی جانب سے کرولا کا جو ماڈل اس وقت پاکستانی مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا ہے وہ دنیا بھر میں گیارہویں جنریشن کے نام سے جانا جاتا ہے جب کہ 2018 میں بارہویں جنریشن دنیا بھر میں لانچ کر دی گئی تھی۔

معلوم حالات میں کرونا کے بعد کی پابندیاں اور الیکٹرونک چپ کی دنیا بھر میں شارٹیج وہ دو وجوہات ہو سکتی ہیں جن کی وجہ سے کرولا کی بارہویں جنریشن تاحال پاکستان میں لانچ نہیں کی جا سکی۔ ایک وجہ تیسری بھی ہے۔ کرولا کی بارہویں جنریشن ہائبرڈ ہے اور تقریباً پرئیس والا ہی انجن (ٹی این جی اے) اس میں موجود ہے جسے مقامی طور پہ بنانے کے لیے اب سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

ٹویوٹا انڈس کی جانب سے اس گاڑی کا آزمائشی ماڈل پاکستان کی سڑکوں پہ 2020 کے وسط سے دیکھا جانا شروع ہو گیا تھا۔ یہ گاڑی حجم میں تقریباً موجودہ ماڈل جتنی ہی ہو گی۔ لمبائی چوڑائی میں پانچ سے آٹھ ایم ایم کا فرق ہو سکتا ہے البتہ اونچائی یا روڈ کلئیرنس میں یہ گاڑی پچھلے ماڈل سے تھوڑی (تقریباً ڈیڑھ انچ) نیچی ہو گی۔ سسپنشن سسٹم پچھلے ماڈلوں کی نسبت یکسر نیا (ملٹی لنک ڈبل وش بون) ہو گا اور زیادہ آرام دہ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ سیفٹی فیچرز حکومت پاکستان کی ایڈوائیس کے بعد اب تمام گاڑیوں کا ایک لازمی حصہ ہیں، نئی کرولا میں بھی کم از کم دو ائیر بیگس لازمی ہوں گے، ایڈوانس وئیرینٹس میں ان کی تعداد زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔ ٹرانسمیشن سیون سپیڈ سی وی ٹی تک جانے کے امکانات موجود ہیں۔

پاکستان میں چونکہ کرولا کے ایشئین ویرئنٹس ہی آتے ہیں اس لیے نمونے کے طور پر تھائی اور ملیشین کرولا کی تصویریں دیکھی جا سکتی ہیں جو کہ اٹھارہ سو سی سی انجن سے کم میں نہیں آ رہی، یعنی پاکستانی مارکیٹ کے لیے مینوئل ویرئینٹ شاید سولہ سو سی سی ہو لیکن آٹو میٹک اٹھارہ سو سی سی کا ہی امکان ہے جس کا آسان لفظوں میں مطلب یہ ہے کہ آلٹس کی بجائے صرف گرینڈی مارکیٹ میں باقی رہے گی اور کم پاور کے انجن ویرئینٹ یارس کے لیے چھوڑ دیے جائیں گے۔

قیمت کیا ہو گی؟

ملائشئین ٹویوٹا ویب سائٹ کے مطابق اس وقت کرولا کا ٹاپ ماڈل تقریبا  54 لاکھ پاکستانی روپے میں دستیاب ہے جبکہ ابتدائی ماڈل 50 لاکھ روپے کی قیمت میں موجود ہے۔ پاکستانی مارکیٹ میں بھی کرولا کے نئے ماڈلز کم از کم 45لاکھ روپے سے اوپر ہی متعارف ہونے کے امکانات موجود ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی