چنگان ایلسون: مشورہ ہے ابھی بکنگ نہ کروائیں

گذشتہ ہفتے ماسٹر موٹرز نے چنگان ایلسون کی قیمتوں میں ایک لاکھ بیس ہزار کا اچانک اضافہ کر دیا تھا جس کے بعد حکومت کی جانب سے انہیں قیمتیں ’ہولڈ‘ کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے۔

چنگان آٹو کی جانب سے جاری کیے گئے پبلک نوٹس کے مطابق قمیتوں میں یہ اضافہ سامان لانے والے کنٹینروں کے کرائے میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا۔(تصویر: چنگان فیس بک آفیشل)

ماسٹر موٹرز نے گذشتہ ہفتے چنگان ایلسون کی قیمتوں میں ایک لاکھ بیس ہزار کا اچانک اضافہ کر دیا تھا جس کے بعد حکومت کی جانب سے انہیں قیمتیں ’ہولڈ‘ کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے۔

چنگان آٹو کی جانب سے جاری کیے گئے پبلک نوٹس کے مطابق قمیتوں میں یہ اضافہ سامان لانے والے کنٹینروں کے کرائے میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا۔ ’آٹھ سو ڈالر سے بڑھ کے کرایہ جب چار ہزار ڈالر تک پہنچا تو ہم مجبور تھے کہ اس کا تھوڑا سا حصہ ہماری قیمتوں میں بھی شامل کیا جائے۔ تاہم، حکومت پاکستان نے ہم سے کہا ہے کہ فی الحال قیمتوں میں یہ اضافہ روک دیا جائے۔ اس لیے ہم عارضی طور پہ چنگان کے تمام ماڈلز کی قیمتیں اگلے نوٹس تک معطل کر رہے ہیں۔ پہلے بُک کروائی گئی گاڑیاں اس معاملے سے مستثنیٰ ہیں۔‘

’ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ کنٹینروں کے کرائے کم کرنے میں ہمارا ساتھ دے تاکہ ہم گاڑیوں کی قیمت میں اس اضافے سے بچ سکیں۔‘

چنگان آٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومتی معیار کے مطابق صرف ہماری کمپنی ہے جو پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے لیے یورو فائیو انجن آفر کر رہی ہے تاہم اس وقت ہم کنٹینروں کے کرائے میں اضافے کی وجہ سے ایک پیچیدہ صورتحال کا شکار ہیں۔

اس بارے میں جب ماسٹر چنگان موٹرز سے رابطہ کیا گیا تو ان کی نمائندہ سدرہ کا کہنا تھا کہ قیمتوں کے بارے میں یہ نوٹس حکومت کی طرف سے ہمیں دیا گیا ہے، سات سے دس دن کا ٹائم ہے، اس دوران کوئی فیصلہ ہو جائے گا۔

ان سے پوچھا گیا کہ اگر نئی گاڑی بک کروانی ہو تو وہ کس قیمت پر ہو گی؟ جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’بکنگ ہو جائے گی لیکن قیمت کے بارے میں پرچیز آرڈر پر یہ لکھا ہو گا کہ قیمت اگر بڑھ گئی تو آپ کو دینا پڑے گی۔ ہمارا مشورہ یہ ہے کہ ابھی بکنگ نہ کروائیں، ہولڈ کر لیں، نو دس دن رک جائیں تاکہ صورتحال واضح ہو جائے۔ ویسے اگر آپ بکنگ کروانا چاہیں گے تو وہ کسی بھی ڈیلر شپ سے ہو سکتی ہے۔‘

چنگان ماسٹر موٹرز کی طرف سے جاری شدہ سابقہ نوٹس کے مطابق ایلسون کا لومئیر ویرینٹ ایک لاکھ بیس ہزار روپے اضافے کے بعد ستائیس لاکھ نو ہزار روپے کی قیمت پر آفر کیا گیا تھا جب کہ پہلے اس کی قیمت پچیس لاکھ نواسی ہزار روپے تھی۔

ایلسون 1.5 ڈی سی ٹی ماڈل کی قیمت میں بھی ایک لاکھ بیس ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد وہ تئیس لاکھ نناوے ہزار سے بڑھ کر پچیس لاکھ انیس ہزار کے نرخ پر جا پہنچی تھی۔ مینوئل ایلسون، جو 1.3 لٹر انجن کے ساتھ ہے اس کی قیمت میں بھی اتنا ہی اضافہ کیا گیا۔ اکیس لاکھ انچاس ہزار میں ایک لاکھ بیس ہزار اضافے کے بعد اس کی قیمت بائیس لاکھ انسٹھ ہزار مقرر کی گئی۔

تاہم یہ ساری قیمتیں حکومت کی مداخلت کے بعد اس وقت معطل ہیں نیز چنگان کی ویب سائٹ پر بکنگ کے لیے وہی قیمتیں موجود ہیں جو ایک لاکھ بیس ہزار اضافے کے بعد تھیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی