پاکستان: جنوبی افریقہ سمیت چھ ممالک سے پروازوں پر پابندی عائد

این سی او سی نے وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد عوام سے احتیاطی تدابیر پر سنجیدگی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے نیز آج سے جنوبی افریقہ سمیت چھ ممالک کی جانب سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

27 نومبر 2021 ، جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے ہوائی اڈے پر بین الاقوامی فلائٹس کینسل ہونے کے بعد کی صورت حال(تصویر: اے ایف پی)

پاکستان میں کرونا(کورونا) وائرس کے حوالے سے قومی سطح پر فیصلے کرنے کے لیے قائم ادارے این سی او سی کے مطابق جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد پاکستان نے آج سے جنوبی افریقہ سمیت چھ ممالک کی جانب سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ہفتے کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری  کیے جانے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’نئے قسم کے خطرے کی وجہ سے جنوبی افریقہ، ہانگ کانگ، موزمبیق، نمیبیا، لیسوتھو، اور بوٹسوانا کو کیٹگری سی میں شامل کر لیا گیا ہے۔‘

’ان ممالک سے براہ راست پاکستان سفر پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔‘

این سی او سی کے مطابق وہ پاکستانی مسافر جنہیں انتہائی ہنگامی حالت میں ان ممالک سے سفر کرنا ہے، انہیں درج ذیل اقدامات کے بعد ہی ملک میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

  • ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ
  • منفی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ (جو سفر سے قبل زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پہلے کا ہو)
  • ایئرپورٹ آمد پر آر اے ٹی ٹیسٹ
  • آر اے ٹی ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں گھر میں لازمی طور پر تین دن کا قرنطینہ اور تیسرے دن سول انتظامیہ دوبارہ سے آر اے ٹی ٹیسٹ کرے گی۔
  • آر اے ٹی ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں 10 دن کا لازمی قرنطینہ اور 10 ویں دن قرنطینہ میں ہی پی سی آر ٹیسٹ ہوگا۔

علاوہ ازیں این سی او سی نے وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد عوام سے احتیاطی تدابیر پر سنجیدگی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

این سی او سی کے ٹوئٹر اکاونٹ سے کی جانے والی ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’مختلف ممالک میں نئے ویریئنٹ ’اومیکرون‘ کے سامنے آنے کے بعد ایس او پیز پر سنجیدگی سے عمل کرنا ضروری ہے۔‘

ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ ’اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے، ماسک پہنیں اور کسی بھی طرح کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں خود کو کو الگ کر لیں اور اپنا ٹیسٹ کروائیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

قبل ازیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’کرونا کے نئے ویریئنٹ کے سامنے آنے کی وجہ سے چھ افریقی ممالک اور ہانگ کانگ سے سفر پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد 12 سال یا اس سے زائد عمر کے تمام اہل افراد کو ویکسین لگانا مزید ضروری ہو گیا ہے۔‘

خیال رہے کہ کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد گذشتہ روز یورپی یونین اور برطانیہ نے سخت سرحدی کنٹرول کا اعلان کیا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد برطانیہ نے جنوبی افریقہ اور پڑوسی ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے اور وہاں سے واپس آنے والے برطانوی مسافروں کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

جمعے کو عالمی ادارہ صحت نے کہا تھا کہ محققین کو جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والی کورونا کی نئی قسم بی ون ون فائیو ٹو نائن کے اثرات کو سمجھنے میں ’چند ہفتے‘ لگیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت