پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ تفریحی ٹرپ پر مری گئی سکول کی بچیوں کی ایک بس پنجاب کے شہر جہلم میں حادثے کا شکار ہوگئی جس میں دو طالبات سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق اتوار کو علی الصبح 4:45 پر لاہور کے عنایت ہائی سکول کے طالب علم لاہور سے مری بغرض معلوماتی دورہ جارہے تھے کہ راستے میں دینہ کے مقام پر ان کی کوسٹر ایک پک اپ وین کو اوور ٹیک کرتے ہوئے پک اپ وین سے ٹکرائی اور ریلوے پل سے نیچے ریلوے ٹریک پر جا گری۔
موٹر وے این فائیو نارتھ ٹو جہلم کے انسپکٹر ابرار اسحاق نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ سکول کی کوسٹر میں 30 سے 32 افراد سوارتھے، جن میں سے تین کی جان چلی گئی، چار شدید زخمی ہوئے اور باقی معمولی زخمی تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ایک بیان میں حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جان سے جانے والوں کے لواحقین کے لیے صبر اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی۔
انڈپینڈنٹ اردو نے عنایت سکول کی انتظامیہ سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی مگر ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انسپیکٹر ابرار نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو بچیاں اور ایک سکول کی انتظامیہ کا افسر عمران شہزاد شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس نے موقعے پر پہنچ کر ریسکیو 1122، مقامی پولیس اور محکمہ ریلوے کے ساتھ مل کر زخمیوں کو ریجنل ہیڈ کوارٹر دینہ اور ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کیا جب کہ ایک طالبہ کو راولپنڈی کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باقی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موٹر وے پولیس نے اس موقعے پر فوری محکمہ ریلوے سے رابطہ کر کے ٹرینوں کی آمد و رفت کو معطل کروایا تاکہ ممکنہ طور پر مزید کسی بڑے حادثے سے بچا جاسکے۔
انسپیکٹر ابرار نے کہا: ’اب مذکورہ کوسٹر کو ہٹا کر ریلوے ٹریک کلئیر کردیا گیا ہے، جب کہ کوسٹر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے متاثرین کی شناخت ہو چکی ہے اور ان کے لواحقین سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان محمد فاروق نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ عنایت سکول لاہور کے علاقے بیگم کوٹ شاہدرہ میں واقع ہے۔
ان کے مطابق کوسٹر کو پیش آنے والے حادثے میں اس سکول کے طالب علموں سمیت 25 لوگ زخمی ہوئے۔
جان سے جانے والی دو طالبات کی عمریں 15 اور 16 برس ہیں۔