گوگل سرچز: 2021 میں پاکستان کرکٹ کے جنون میں مبتلا رہا

گوگل کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کیے گئے ایتھلیٹس کی فہرست میں بھی کرکٹرز ہی چھائے رہے۔ کھلاڑیوں میں پاکستان سے سب سے زیادہ شعیب ملک کو سرچ کیا گیا۔

گوگل کی جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستان سے گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات میں کرکٹ ٹاپ پر رہا(اے ایف پی فائل)

ہر سال کی طرح اس سال بھی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے 2021 میں پاکستان کی مقبول ترین سرچز کی فہرست جاری کی جس کے مطابق رواں برس پاکستان کرکٹ کے جنون میں مبتلا رہا۔

پاکستانیوں کی کرکٹ سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ ساری دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی عوام کس طرح کرکٹ سے اپنے والہانہ لگاؤ کا اظہار کرتے ہیں۔

 کرکٹ میچ جیت جانے پر سڑکوں پر نکل کر جشن منانا ہو یا ہار جانے پر ٹی وی توڑ نے ہوں، پاکستانیوں کا کرکٹ سے وابستہ ہر جذبے کے اظہار کا انداز ہی نرالہ ہوتا ہے۔

رواں برس پاکستانیوں نے کرکٹ سے محبت کا ’آن لائن ثبوت‘ بھی دیا۔ گوگل کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستان سے گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات میں کرکٹ ٹاپ پر رہا۔

فہرست کے مطابق پاکستانیوں نے سب سے زیادہ پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ سرچ کیا، اس کے بعد پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز، پاکستان سپر لیگ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ اور ٹی 20 ورلڈ کپ بالترتیب دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔

چھٹے نمبر پر پاکستان بمقابلہ زمبابوے، ساتویں پر بھارت بمقابلہ انگلینڈ رہا جب کہ ٹاپ ٹین کی آخری تین پوزیشنز بالترتیب پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ اور پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا کے حصے میں آئیں۔

گوگل کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کیے گئے ایتھلیٹس کی فہرست میں بھی کرکٹرز ہی چھائے رہے۔ کھلاڑیوں میں پاکستان سے سب سے زیادہ شعیب ملک کو سرچ کیا گیا۔

شعیب ملک نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر بھی کافی سراہا گیا تھا۔

اس کے علاوہ رواں برس کے آخر میں ہی شعیب اور ان کی اہلیہ ثانیہ جو کہ ٹینس کی دنیا کا ایک جانا مانا نام ہیں، نے اعلان کیا ہے کہ وہ دونوں مل کر دبئی میں ایک پروگرام کی میزبانی کریں گے۔

گوگل سرچز کے مطابق دوسرے نمبر پر پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ایتھلیٹ آصف علی ہیں۔

 انہوں نے بھی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے سکواڈ میں اپنی سلیکشن پر تنقید کرنے والوں کو اپنی کارکردگی سے جواب دے کر کرکٹ شائقین کے دل جیت لیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تیسرے چوتھے اور پانچویں نمبر پر فخر زمان، شاہین آفریدی اور حسن علی رہے۔ سرچ کیے جانے والے ٹاپ ٹین ایتھلیٹس میں محمد رضوان کا چھٹا، شاداب خان کا ساتواں اور عابد علی کا آٹھواں نمبر تھا۔

دانش عزیز اور حارث رؤف بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر رہے۔

سب سے زیادہ سرچ کیے گئے موضوعات اور ایتھلیٹس میں تو کرکٹ ہی چھایا رہا مگر مقبول ترین فلموں اور ڈرامہ سیریلز کی فہرست میں ورائٹی دیکھنے میں آئی۔

 جاری کردہ فہرست کے مطابق جنوبی کوریا کی ویب سیریز ’سکویڈ گیم‘ پاکستان میں سب سے زیادہ مقبول رہی۔

دوسرا نمبر ڈرامہ سیریل خدا اور محبت رہا جب کہ تیسرے نمبر پر رمضان میں نشر کیا جانے والا کامیڈی ڈرامہ چپکے چپکے سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔

چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر رنگ محل، رادھے اور ریئلٹی شو بگ باس 15 رہے۔

نیٹ فلکس کی سیریز ’منی ہایسٹ‘ سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والوں میں ساتویں نمبر پر رہی جب کہ ترکی کا ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی جو کہ نیشنل ٹی وی چینل پی ٹی وی پر بھی نشر کیا گیا سرچ لسٹ میں آٹھویں نمبر پر رہا۔

والٹ ڈزنی کی فلم بلیک ویڈو جو کہ روسی جاسوس خاتون کے فکشن کردار پر بنائی گئی ہے نویں نمبر پر، اور دسویں پر خلائی مخلوق کو دنیا سے برائی کے خاتمے کے مشن پر بنائی گئی مارولز کی فلم ایٹرنلز رہی۔

پاکستانیوں کے لیے اس فلم کی خاص بات پاکستان کے کمیل نانجیانی کی بطور سپر ہیرو اس فلم میں انٹری تھی۔

سال 2021 میں پاکستانیوں کی مقبول ترین گوگل سرچز:

  1. پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ
  2. پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز
  3. پاکستان سپر لیگ
  4. پاکستان بمقابلہ انگلینڈ    
  5. ٹی 20 ورلڈ کپ
  6. پاکستان بمقابلہ زمبابوے
  7. بھارت بمقابلہ انگلینڈ    
  8. پاکستان بمقابلہ انگلینڈ    
  9. پاکستان بمقابلہ نیو زی لینڈ
  10. پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا

مقبول ترین ایتھلیٹس:

  1. شعیب ملک
  2. آصف علی
  3. فخر زمان
  4. شاہین آفریدی
  5. حسن علی
  6. محمد رضوان    
  7. شاداب خان
  8. عابد علی
  9. دانش عزیز    
  10. حارث رؤف

مقبول ترین موویز اور ٹی وی:

  1. سکوئڈ گیم
  2. خدا اور محبت
  3. چپکے چپکے    
  4. رنگ محل
  5. رادھے    
  6. بگ باس 15
  7. منی ہایسٹ
  8. ارطغرل
  9. بلیک وِیڈو    
  10. ایٹرنلز
  11. کورلوس عثمان
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی