’میں اور میری ٹیم آپ کے منتظر ہیں‘: بابر اعظم کا شائقین کو پیغام

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات سے بہت خوشی ہوتی ہے کہ ہمارے شائقین سٹیڈیم میں اور سوشل میڈیا پر ہمیں سپورٹ کرتے ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 13 دسمبر سے 22 دسمبر تک تین ٹی 20 اور تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے(اے ایف پی)

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے دوران سٹیڈیم میں شائقین کے منتظر ہیں۔

ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہماری پوری کوشش ہو گی کہ ہم ورلڈ کپ کے مومینٹم کو جاری رکھیں۔‘

بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں اس بات سے بہت خوشی ہوتی ہے کہ ہمارے شائقین سٹیڈیم میں اور سوشل میڈیا پر ہمیں سپورٹ کرتے ہیں۔‘

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ’اس حوالے سے بات کی جا رہی ہے کہ ویسٹ انڈیز کے اہم کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں لیکن یہاں آنے والے کھلاڑی بین الااقوامی معیار کے کھلاڑی ہیں اس لیے ہم انہیں آسان حریف نہیں سمجھیں گے۔‘

بابر اعظم نے مزید کہا کہ ’ہمارے لیے ویسٹ انڈیز کے ساتھ یہ سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے اور ہم ویسٹ انڈیز کے معترف ہیں کہ وہ یہاں کھیلنے کے لیے آئے ہیں کیونکہ یہاں ٹیمز کے آنے کے حوالے سے کافی خدشات پائے جاتے تھے۔‘

انہوں نے امید ظاہر کی کہ میچوں میں 100 فی صد شائقین کی موجودگی میں دلچسپ کرکٹ کھیلی جائے گی۔

اپنے پیغام میں بابر اعظم نے شائقین سے کرونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یاد رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کراچی میں ہونے والی تین روزہ میچوں کی ٹی 20 سیریز اور تین ایک روزہ میچوں کے لیے این سی او سی نے سٹیڈیم میں 100 فی صد شائقین کو اجازت دے رکھی ہے۔ لیکن سٹیڈیم میں داخل ہونے والے 12 سال سے زائد العمر افراد کے لیے مکمل ویکسی نیٹڈ ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 13 دسمبر سے 22 دسمبر تک تین ٹی 20 اور تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔

اس سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ شاداب خان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین اور محمد نواز کے ساتھ ساتھ محمد رضوان، محمد وسیم جونئیر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کپتان نکولس پوران کے علاوہ، شائی ہوپ، ڈیرن براوو، ڈومینک ڈریکس، عقیل حسین، برینڈن کنگ، گوداکیش موتی، روماریو شیفرڈ، اوڈین سمتھ، اوشین تھامس، ہیڈن والش جونئیر اور رومین پاؤل شامل ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان اب تک 18 ٹی 20 میچ کھیلے جا چکے ہیں جب کہ جن میں سے پاکستان نے 12 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم صرف تین میچ جیت سکی ہے۔ جب کہ تین میچ بلا نتیجہ ختم ہوئے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ