شمالی وزیرستان میں بم دھماکہ، تین فوجی افسر، ایک سپاہی ہلاک

حملہ اسی علاقے میں ہوا جہاں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، آئی ایس پی آر۔

(اے ایف پی فائل فوٹو)

قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاک ۔ افغان سرحد کے قریب جمعے کو سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے پاکستان فوج کے تین افسر اور ایک سپاہی ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں بتایا گیا کہ واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے خار کمر میں پیش آیا۔

بیان کے مطابق، دہشت گردوں نے سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ ’حملے میں شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل رشید کریم، میجر معز مقصود، کیپٹن عارف اللہ اور لانس حوالدار ظہیر شامل ہیں۔‘

بیان میں کہا گیا کہ حملہ اسی علاقے میں ہوا جہاں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ’گزشتہ ایک ماہ کے دوران دس سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 35 زخمی ہو چکے ہیں‘۔

وزیر اعظم کی مذمت

وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کے ذریعے پاکستان فوج کی بہادری اور شجاعت کو سلام پیش کیا۔

انہوں نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان