پاکستان میں ’تاریخ کے سب سے بڑے ایوارڈز‘ کا اعلان

فواد چوہدری نے کے مطابق ’پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا فلم میکر تھا، دنیا میں تیسرے یا چوتھے نمبر پہ یہاں سینما گھر تھے، ہم نے بڑی محنت سے فلم اور ڈرامے کا بیڑا غرق کرنے کے بعد اب میوزک کو بھی کہہ دیا کہ ہمارے تو ہیں ہی خلاف اس کے۔‘

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے ایوارڈز (نیشنل ایوارڈز) کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں بدھ کی شام آرٹس کونسل کراچی کے صدر احمد شاہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان ایوارڈز میں فلم، ڈرامے اور میوزک کی کیٹیگری شامل ہوں گی جبکہ ان ایوارڈز کے لیے 25 کروڑ سے زائد رقم  مختص کی جائے گی۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ’پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا فلم میکر تھا، دنیا میں تیسرے یا چوتھے نمبر پہ یہاں سینما گھر تھے، ہم نے بڑی محنت سے فلم اور ڈرامے کا بیڑا غرق کرنے کے بعد اب میوزک کو بھی کہہ دیا کہ ہمارے تو ہیں ہی خلاف اس کے۔‘

’وہ سارے میڈیم جنہوں نے پاکستان کی کہانی دنیا میں بیان کرنی تھی انہیں ہم نے خود کمزور کر دیا۔ ‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم بائیس ایوارڈ بحال کر رہے ہیں۔ نئی فلم پالیسی مکمل کر لی ہے جس میں کئی جگہوں پر ٹیکس لگائے ہیں جیسے غیر ملکی میڈیا مواد پر ٹیکس ہو گا اور لوکل کانٹنٹ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔‘

ان کا کہنا تھا ’غیر ملکی ڈرامے پہ اتنا ٹیکس لگائیں گے کہ وہ لوکل ڈرامے سے سستا نہ پڑے۔ غیر ملکیوں کو اشتہاروں میں کاسٹ کرنے سے مقامی فنکار نظر انداز ہو رہے ہیں، ان اشتہاروں پر ٹیکس اس طرح لگائیں گے کہ مقامی انڈسٹری کو فائدہ ہو۔‘

’پاکستان کی خوبصورت لوکیشنز پر فلمیں بنانے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ باہر سے یہاں آ کر لوگ فلمیں بنائیں۔ پی ٹی وی میں فلم ڈویژن بنا رہے ہیں جس کے تحت ’بابر‘ فلم ازبکستان کے ساتھ، علامہ ایران پر فلم ایران کے ساتھ اور ٹیپو سلطان پہ ایک پرائیویٹ کمپنی کے ساتھ فلم بنے گی جو بڑے بجٹ کی ہوں گی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پی ٹی وی پہ نوجوان فلم میکرز کو موقع دے گی تاکہ وہ حکومتی فنڈز سے فلم بنا سکیں۔ ’سینما کے لیے بجلی کے انڈسٹریل ریٹ ہوں گے، ٹیکسز کم کر دیے ہیں کیونکہ ایک سینما سکرین سے 23 فیملیز کو روزگار ملتا ہے۔‘

’شکر ہے پاکستان میں سینما اب کھل گئے ہیں۔ ہم نے غیر ملکی اور انڈین پنجابی فلمیں چلانے کی اجازت دی ہے تاکہ سینما گھروں کو فائدہ ہو۔ انٹرٹینمنٹ چینلز کو بھی گورنمنٹ کی پالیسی میں شامل کیا ہے تاکہ انہیں اشتہار مل سکیں۔ یہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ایوارڈ ہوں گے۔‘

فواد چوہدری کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احمد شاہ، صدر آرٹس کونسل نے بتایا کہ ’آرٹس کونسل آف پاکستان کی پارٹنر شپ میں حکومت پاکستان کے یہ ایوارڈ بالکل میرٹ پہ ہوں گے۔ اس سے پہلے جتنے بھی ایوارڈ ہوتے تھے وہ کسی ایک چینل یا صابن کے ایوارڈ ہوا کرتے تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس میں پاکستان کی تمام زبانوں کو شامل کیا جائے گا، پاکستان کے تمام کلچر کو نمایاں کیا جائے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم لوگ فیصلہ سازی میں شامل نہیں ہوں گے، جیوری ایسی ہو گی جس پہ پورا پاکستان اعتماد کرے گا۔‘

انہوں نے اعلان کیا کہ ’عالمی اردو کانفرنس اسلام آباد میں رواں سال گیارہ بارہ تیرہ مارچ کو منعقد ہو گی اور اس میں پاکستان کی ساری زبانیں بولنے والوں کو شامل کیا جائے گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن