کبڈی جس کی کمنٹری ’پنجابی میں ہی سجتی‘ ہے

کبڈی کے کھلاڑی کہتے ہیں کہ ’جب کوئی کھلاڑی کبڈی کبڈی کرتا مخالف ٹیم کے دائرے میں جاتا ہے تو کمنٹری سے اپنے تعارف کی لاج رکھنے کی کوشش ضرور کرتا ہے۔‘

مٹی کے میدان اور اس کی خوشبو کے درمیان کھڑے ایک دوسرے کو گھورتے کھلاڑی اور قریب ہی کھڑے تماشائیوں کے شور شرابے کے علاوہ کبڈی کے کھیل کا ایک اور حسن مقامی زبان میں اس کی کمنٹری بھی ہے۔

کبڈی کے دوران کمنٹری کرنے والوں کو تماشائیوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے جوش اور جذبے کو بھی اٹھائے رکھنا ہوتا ہے اور ایسا تب ہی ممکن ہے جب اسے انہی کی زبان میں کیا جائے۔

کبڈی پنجاب کا قدیمی کھیل ہے جس میں پھرتی اور طاقت کھیل اور کمنٹری دونوں ہی میں جھلکتی ہے۔

ایسا ہی کچھ پنجاب سٹیڈیم لاہور میں ان دنوں جاری 42ویں کبڈی نیشنل چیمپئن شپ کے دوران کبڈی کے کمنٹیٹر ابرار ہیرا بھی کر رہے ہیں۔

ابرار ہیرا کہتے ہیں کہ پنجابی زبان میں کمنٹری کھلاڑیوں کا خون گرماتی ہے جس کے لیے شاعری اور پنجابی محاروں کا بھی استعمال کرنا پڑتا ہے۔

ابرار ہیرا نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گذشتہ آٹھ، نو سال سے کبڈی کی کمنٹری کر رہے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ’کبڈی کی کمنٹری پنجابی میں ہی سجتی ہے۔‘

کبڈی کمنٹری کے کمنٹیٹر ابرار ہیرا کا تعلق پنجاب کے جنوبی شہر رحیم یار خان سے ہے اور انہوں نے کبڈی کی کمنٹری کے لیے باقائدہ تربیت حاصل کی ہے۔

’میٹرک تعلیم حاصل کرنے کے بعد کمنٹری کا فن سیکھا کیونکہ یہ پنجابی زبان میں مخصوص انداز سے کی جاتی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خیال رہے کہ لاہور میں دس جنوری سے 16 جنوری 2022 تک جاری رہنے والے کبڈی مقابلوں میں کبڈی کے نامور کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

حکومت پنجاب کی جانب سے منعقد کیے گئے اس ایونٹ میں فی الحال پول میچز کھیلے جا رہے ہیں جن میں ٹیمیں جیت کی سر توڑ کوششیں کر رہی ہیں۔

پاکستان اور بھارتی پنجاب میں کبڈی یکساں مقبول کھیل ہے دیگر ممالک کی ٹیموں میں بھی تقسیم شدہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے کئی کھلاڑی موجود ہیں۔

کمنٹری کے حوالے سے ابرار ہیرا مزید بتاتے ہیں کہ ’کمنٹری سننے والوں کو شاید آسان لگتی ہو مگر یہ اتنا آسان کام ہے نہیں۔‘

’اس میں کھلاڑیوں کے نام، ان کے استادوں، علاقوں اور قوموں کے نام بھی یاد رکھنے پڑتے ہیں اور ان کی کارکردگی سے متعلق بھی مکمل جان کاری ضروری ہے۔‘

اس حوالے سے شانگلہ ہل سے تعلق رکھنے والے کبڈی کے کھلاڑی ارباب مقصود کے مطابق کبڈی کھیلتے ہوئے کمنٹری سے جوش پیدا ہوتا ہے۔

’جس طرح تماشائیوں کی داد حوصلہ بڑھاتی ہے اسی طرح کمنٹری سے بھی پذیرائی ملتی ہے جس سے کارکردگی پر بھی اثر پڑتا ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’جب کوئی کھلاڑی کبڈی کبڈی کرتا مخالف ٹیم کے دائرے میں جاتا ہے تو کمنٹری سے اپنے تعارف کی لاج رکھنے کی کوشش ضرور کرتا ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا