کوارٹر فائنل میں شکست، پاکستان انڈر 19 ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر

ویسٹ انڈیز میں جاری انڈر 19 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے کوارٹر فائنل میں پاکستان کو باآسانی شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

پاکستان کو ہرانے والی آسٹریلوی ٹیم بدھ کو بھارت یا بنگلہ دیش سے سیمی فائنل میں ٹکرائے گی(تصویر: بشکریہ کرکٹ آسٹریلیا )

ویسٹ انڈیز میں جاری انڈر 19 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے کوارٹر فائنل میں پاکستان کو باآسانی شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق گروپ مرحلے میں 86 اور 101 رنز بنانے والے والے آسٹریلین بلے باز ٹیگ وائلی نے کواٹر فائنل میں ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 رنز بنا کر پاکستان کی جونیئر ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

وائلی نے کیمبل کیلوے کے ساتھ پہلی اننگز کا تیز آغاز کیا لیکن کیلوے کے 47 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کوری ملر کے ساتھ ان کی 101 رنز کی شراکت داری نے پاکستان کو میچ سے تقریباً باہر کر دیا تھا۔

37 اوورز تک پاکستان صرف ایک وکٹ ہی حاصل کر پایا۔

میڈیم پیسر اویس علی نے آخر کار 38ویں اوور میں وائلی کو بولڈ کر دیا لیکن مڈل آرڈر اچھے آغاز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سکور کو 276 رنز تک پہنچا دیا۔

پاکستان کی گیند بازی میں آف سپن بولنگ کرنے والے آل راؤنڈر قاسم اکرم 40 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔

276 رنز کا ہدف پاکستان کے لیے پہاڑ ثابت ہوا جس کے تعاقب میں گرین شرٹس کے دونوں اوپنرز پانچویں اوور تک ہی پویلین لوٹ چکے تھے۔

دونوں اوپنرز کھونے کے بعد عبدالفصیح اور عرفان خان نے وکٹ پر ٹکنے کی کوشش کی، لیکن آسٹریلین کپتان کونولی نے اپنے کارگر بالر سالزمین کو اس جوڑی کو توڑنے کے لیے بلایا تو انہوں نے ایک بار پھر کپتان کو مایوس نہیں کیا۔ اور جلد ہی عرفان کو 28 رنز پر ایک شاندار یارکر کے ذریعے بولڈ کر دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کچھ دیر بعد پھر فصیح بھی ان کی بال پر 27 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے اور یوں پاکستان 83 رنز پر چار وکٹوں سے محروم ہو گیا۔

یہ پاکستان کی شکست کا آغاز تھا۔ قاسم 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ عباس علی اور معاذ صداقت کو آف سپنر جیک انفیلڈ نے آؤٹ کیا اور پاکستان کی پوری ٹیم 157 رنز بنا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

پاکستان کو ہرانے والی آسٹریلوی ٹیم بدھ کو بھارت یا بنگلہ دیش سے سیمی فائنل میں ٹکرائے گی۔

’کرکٹ آسٹریلیا‘ کی ویب سائٹ کے مطابق میچ کے بعد بات کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان کوپر کونولی نے اپنے ٹاپ آرڈر بلے بازوں، خاص طور پر وائلی کی جم کر تعریف کی۔

کونولی نے کہا: ’ہم پہلے بیٹنگ کرنے پر خوش تھے اور یہ ہمارے لیے اچھا ثابت ہوا اور ہم 270 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔‘

کپتان نے کہا: ’جب وہ (وائلی) کریز پر جاتے ہیں تو وہ ایک دو شاٹس بعد ہی آپ کہتے ہیں کہ ہاں اب وہ شروع ہو گیا۔ اب آپ بیٹھ کر سکون محسوس کر سکتے ہیں اور امید ان سے امید کرتے ہیں کہ وہ کسی کے ساتھ مل کر ایک بڑی پارٹنر شپ قائم کرے گا اور ہم نے ہر جتنے والی گیم میں ایسا ہی کیا ہے۔‘

کپتان نے کہا کہ ’امید ہے کہ وہ ہمارے لیے مزید رنز بناتا رہے گا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ