کراچی کنگز: مسلسل چھٹی ہار کے بعد پلے آف مرحلے تک رسائی مشکل

پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے انیسویں میچ میں کراچی کنگز کو باآسانی 55 رنز سے ہرا دیا۔

کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان 13 فروری، 2022  کو لاہور میں کھیلے گئے ایک میچ میں پشاور کے لیام لیونگ سٹون کراچی کے جو کلارک کی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں (اے ایف پی)

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کے اتوار کو کھیلے گئے انیسویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے ہرا دیا۔

مسلسل چھٹی شکست کے باعث کراچی کی ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں رسائی مشکل ہوگئی ہے۔

194 رنز کے تعاقب میں کراچی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب شرجیل خان 14 رنز بنا کر سلمان ارشاد کی گیند پر بین کٹنگ کو کیچ دے بیٹھے۔

دوسری وکٹ کے لیے بابر اعظم اور جو کلارک نے اگلے 10 اوورز میں 60 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

کپتان بابر اعظم بھی 59 رنز سکور کرکے سلمان ارشاد کا شکار بنے۔ ان کی اننگزمیں چھ چوکے شامل تھے۔ جو کلارک نے 26 رنز بنائے۔

اس شراکت داری کے ٹوٹنے کے بعد کراچی کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی۔

سلمان ارشاد اور وہاب ریاض نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی سے ڈیبیو کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے حضرت اللہ ززائی کے ہمراہ 97 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔

نوجوان وکٹ کیپر ایک سکور کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے۔ وہ 27 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی بدولت 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔

حضرت اللہ ززائی نے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 52 رنز سکور کیے۔ تیسرے نمبر پر میدان میں اترنے والے لیام لیونگ سٹون چھ رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو تجربہ کار شعیب ملک اور بین کٹنگ نے 145 سے زائد کے سٹرائیک ریٹ سے بالترتیب 31 اور 26 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 190 کے پار پہنچانے میں مدد کی۔

پشاور نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ کرس جارڈن نے تین جبکہ قاسم اکرم، محمد نبی اور عمید آصف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ