یوم پاکستان پریڈ میں پہلی بار جے10 سی کا فلائی پاسٹ کا مظاہرہ

پریڈ میں افواج پاکستان کے دستوں کے ساتھ غیر ملکی دوست ممالک کے دستوں نے بھی پریڈ میں شرکت کی جس میں ترکی، سعودی عرب، آزربائیجان اور ازبکستان کے دستوں نے شرکت کی۔ ازبکستان کے دستے نے پہلی بار یوم پاکستان کی پریڈ میں حصہ لیا۔

یوم پاکستان کے حوالے سے اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی خاص بات یہ تھی کہ چین کے اشتراک سے بننے والا جنگی طیارہ جے 10 سی پہلی مرتبہ فلائی پاسٹ کا حصہ بنا۔

آج کی تقریب سے صدر پاکستان نے بھی خطاب کیا۔ اور جب وزیراعظم عمران خان تقریب میں تشریف لائے تو پنڈال تالیوں سے گونج اُٹھا۔ وزیراعظم کی آمد سے قبل تینوں سروسز چیفس اور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تشریف لائے۔

وزیراعظم عمران خان جب تقریب میں تشریف لائے تو پنڈال تالیوں سے گونج اُٹھا۔ کچھ مہمان حاضرین کی جانب سے سیٹیاں بھی بجائی گئیں۔ فیملیز بھی اُٹھ کھڑی ہوئیں۔ ساتھ بیٹھی فیملی نے تبصرہ کیا: ’کسی کی آمد پر اتنا جوش نہیں جتنا ویلکم وزیراعظم کو عوام نے کیا ہے۔' 

صدر پاکستان نے پریڈ کا معائنہ کیا اور ہر دستے کے سامنے سے گزرے۔ جب انفٹری کے دستے، ائیر فورس کے دستے، خواتین سولجرز کے دستے اور سپیشل سروسز گروپ کے دستوں کے نام پکارے گئے تو حاضرین نے خوب تالیاں بجائیں۔

اس پریڈ میں ایف 16 طیاروں کے ہمراہ جے 10 سی نے اُڑان بھری تو حاضرین خاصے محظوظ ہوئے۔ پریڈ کے دوران پاکستان کی مایہ ناز شخصیات کے نام بھی پکارے گئے، جس میں دفتر خارجہ کی نابینہ افسر صائمہ سلیم بھی شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ برس اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں بھارتی وفد کے سامنے جوابی تقریر کی تھی۔

پریڈ میں افواج پاکستان کے دستوں کے ساتھ غیر ملکی دوست ممالک کے دستوں نے بھی پریڈ میں شرکت کی جس میں ترکی، سعودی عرب، آزربائیجان اور ازبکستان کے دستوں نے شرکت کی۔ ازبکستان کے دستے نے پہلی بار یوم پاکستان کی پریڈ میں حصہ لیا۔

پریڈ میں قابل ذکر بات یہ بھی تھی کہ صوبائی فلوٹ دکھائے جاتے ہیں جس میں ہر صوبہ اپنی ثقافت کے لحاظ سے نمائندگی کرتا ہے۔ اس مرتبہ سب سے پہلا فلوٹ او آئی سی کا تھا کیونکہ او آئی سی کے وزرا خارجہ جو اس وقت پاکستان میں کانفرنس کے لیے موجود ہیں، وہ پریڈ کی تقریب کے خاص مہمان تھے۔

ایک فلوٹ سی پیک کا بھی تھا جس پر پاکستان چین کے جھنڈے نصب تھے۔ چین کے وزیر خارجہ جو او آئی سی کانفرنس کے لیے خصوصی پاکستان آئے ہیں، انہوں نے بھی پریڈ تقریب میں شرکت کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کرونا پابندیاں ختم ہونے کے باعث گزشتہ دو سالوں میں یہ پہلی بار تھی کہ پریڈ گراؤنڈ کچھا کھچ بھرا تھا۔ شہدا کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی اس کے علاوہ بلوچستان اور قبائلی اضلاع کے طلبا کو بھی مدعو کیا گیا تھا، جن سے تقریب کے اختتام پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گفتگو کی اور انہیں تعلیم کے حصول اور اُن کے علاقوں میں سہولیات مہیا کرنے کے حوالے سے یقین دہانی کرائی۔

تقریب کے اختتام پر دلچسپ واقعہ دیکھنے میں آیا جب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوجوانوں سے ہاتھ ملانے کے لیے کمانڈوز کو پیچھے ہٹا دیا۔

سوشل میڈیا پر آرمی چیف کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ تقریب کے اختتام پر عوام سے ہاتھ ملا رہے ہیں۔

طلبا نے آرمی چیف کے حق میں نعرے لگائے تو آرمی چیف نے کہا: ’میرے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے نعرے لگائیں۔‘

شرکا نے آرمی چیف اور دیگر افسران کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان