بیٹی کی پیدائش پر پریشان خاندان کے اوون سے بچی کی لاش برآمد

پولیس نے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے کہ بچی اوون کے اندر ’جل‘ کر ہلاک ہوئی۔

24 ستمبر 2021 کو نئی دہلی میں روہنی کورٹ کے اندر ایک ایمبولینس نظر آ رہی ہے (اے ایف پی/ فائل)

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک گھر کے مائیکرو ویو اوون میں دو ماہ کی بچی کی لاش ملنے کے بعد بھارتی پولیس نے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

حکام نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کو بچی کی موت کی اطلاع جنوبی دہلی کے چراغ دلی علاقے کے قریب واقع ایک ہسپتال سے موصول ہوئی تھی۔

جنوبی دہلی کی ڈپٹی پولیس کمشنر بینیتا میری جیکر نے بتایا: ’ہلاک ہونے والی بچی کے والد اور چچا اپنے گھر کے گراؤنڈ فلور پر واقع کریانے کی ایک چھوٹی دکان چلاتے ہیں۔‘

ان کے بقول: ’بظاہر یہ قتل کا معاملہ ہے لیکن موت کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔‘

ڈپٹی پولیس کمشنر نے مزید کہا: ’ہمیں اطلاع ملی ہے کہ کچھ پڑوسیوں نے لڑکی کو اوون میں دیکھا لیکن بچی کے جسم پر جھلسنے کے نشانات نہیں تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس کیس کی تمام زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

تاہم پولیس نے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے کہ بچی اوون کے اندر ’جل‘ کر ہلاک ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے سلسلے میں بچی کے والدین گلشن اور ڈمپل کوشک سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والی بچی کے والدین، جن کا ایک چار سالہ بیٹا بھی ہے، مبینہ طور پر بیٹی کی پیدائش پر پریشان تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا: ’اننیا (بچی کا نام) رواں سال جنوری میں پیدا ہوئی تھی اور ان کی والدہ کوشک تب سے پریشان تھیں۔ یہاں تک کہ انہوں نے اس معاملے پر اپنے شوہر کے ساتھ کئی بار لڑائی بھی کی۔‘

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کو اطلاع دینے والے ایک پڑوسی نے چینل کو بتایا کہ (بیٹی کی پیدائش کے بعد) کوشک نے خود کو گھر میں بند کر لیا تھا۔

بچی کی دادی کے خبردار کرنے پر کارروائی کرنے والے پڑوسی کے مطابق: ’ہم شیشہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے۔ ہم نے خاتون کو اپنے بیٹے کے ساتھ اندر بے ہوش پڑا ہوا پایا لیکن دو ماہ کی بچی اننیا لاپتہ تھی۔‘

دادی کے ساتھ مل کر بچی کو ڈھونڈنے کے فوراً بعد دیگر پڑوسی بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ایک پڑوسی نے بعد میں بچی کو مائکروویو اوون سے مردہ حالت میں برآمد کیا۔

ڈپٹی پولیس کمشنر نے کہا: ’ہم تمام دعوؤں اور شواہد کی جانچ کر رہے ہیں تاہم ابھی تک کسی بھی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا۔‘

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا