سندھ میں اجرک کے ڈیزائن اور ’چِپ‘ کے ساتھ نئی نمبر پلیٹس

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کے مطابق یہ نئی نمبر پلیٹس دھوپ اور پانی کے اثرات سے محفوظ اور نہ مڑنے والی ایلومنیم شیٹ سے تیار کی گئی ہیں، جن کو رات کے اندھیرے میں بھی پڑھا جاسکے گا۔ 

پنجاب اور بلوچستان کے مقابلے میں سندھ نے کئی سالوں بعد جدید سکیورٹی فیچرز سے آراستہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس جاری کرنا شروع کی ہیں (تصویر: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن‘

صوبہ سندھ کی حکومت نے صوبے میں گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹ کی روک تھام اور گاڑی کی ملکیت ڈجیٹل طریقے سے چانچنے کے لیے صوبے میں جدید سکیورٹی فیچرز کے ساتھ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے اجرا کا آغاز کر دیا ہے۔ 

پنجاب اور بلوچستان کے مقابلے میں سندھ نے کئی سالوں بعد جدید سکیورٹی فیچرز سے آراستہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس جاری کرنا شروع کی ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان حکومت نے کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس 2001 سے جبکہ پنجاب حکومت نے 2007 سے کمپیوٹرائزڈ وہیکل نمبر پلیٹس جاری کرنا شروع کی تھیں۔ پنجاب میں 2011 سے چپ کی حامل نمبر پلیٹس کا اجرا کیا جا رہا ہے۔ 

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کے مطابق نئی جاری ہونے والی ان جدید نمبر پلیٹس پر سندھ کی ثقافتی اجرک کا ڈیزائن بھی بنایا گیا ہے۔ 

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کے ترجمان معین الدین نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ان نئی اور جدید سکیورٹی فیچر کے ساتھ اجرک کے ڈیزائن والی نمبر پلیٹس سے گاڑیوں کی آن لائن ٹریکنگ اور گاڑیوں کی ملکیت اور دیگر ڈیٹا حاصل کرنا نہایت آسان ہوگا اور جدید فیچر کے باعث ان کی ڈوپلکیٹ بنانا ممکن نہیں ہوگا۔‘ 

’اس کے علاوہ یہ نئی نمبر پلیٹس کیمرہ ریڈ ایبل ہونے کے ساتھ ان پلیٹس میں ریڈیو فریکوئنسی آئیڈنٹیفکیشن یا آر آئی ایف ڈی یعنی ٹریکنگ چپ بھی نصب ہوگی، اور نمبر پلیٹس میں دیگر سکیورٹی فیچر کے ساتھ کل پانچ اہم فیچرز بشمول لیزر سیریل نمبر، سندھ حکومت کا مونوگرام، لیزر انٹیگریٹڈ مارک اور ہر نمبر پلیٹ پر گرافکس شامل ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ان نئی نمبر پلیٹس میں جدید بار کوڈ بھی ہوگا، جس کو سکین کر کے اسی وقت یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ پلیٹ اصلی ہے یا نہیں؟ اس کے علاوہ اس بار کوڈ میں گاڑی کی ملکیت سمیت تمام معلومات مل سکے گی۔‘

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کے مطابق یہ نئی نمبر پلیٹس دھوپ اور پانی کے اثرات سے محفوظ اور نہ مڑنے والی ایلومنیم شیٹ سے تیار کی گئی ہیں، جن کو رات کے اندھیرے میں بھی پڑھا جاسکے گا۔ 

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کی جانب سے گذشتہ دو دہائیوں کے دوران جدید فیچر والی نمبر پلیٹس جاری کرنے کے متعدد بار اعلانات کیے جا چکے ہیں مگر وہ صرف اعلان ہی رہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اتنے سالوں تک نئی پلیٹس کا اجرا کیوں نہ ہو سکا؟ اس سوال کے جواب میں معین الدین نے کہا کہ ’اتنے سالوں کی تاخیر کی وجہ یہ ہے کہ 2008 میں جب محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات نے نمبر پلیٹ کے اجزا کے لیے ٹینڈر جاری کیا تو کسی نے عدالت میں پٹیشن جمع کرا دی، جس پر عدالت نے محکمے کو روک دیا تھا۔‘

’یہی وجہ ہے کہ اتنا عرصہ لگ گیا، مگر اس بار ہر صورت میں محکمہ نئی پلیٹس جاری کرے گا۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ اتنے سالوں تک نمبر پلیٹس کا اجرا نہیں ہوسکا تو محکمے کو اب تک نمبر پہلیٹس کے لیے کتنی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ 

معین الدین نے بتایا کہ ’اب تک محکمے کو ٹو وہیلر یعنی موٹر سائیکل کی نئی نمبر پلیٹس کے لیے 15 لاکھ درخواستیں، جب کہ فور وہیلر کے لیے 13 لاکھ درخواستیں مل چکی ہیں۔‘ 

ان کے مطابق پہلے مرحلے میں نئی گاڑیوں کو نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں پرانی گاڑیوں کو نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان