چین کا چلتی گاڑی کو نشانہ بنانے والا ہائپر سونک میزائل

چین ایسے ہائپر سونک میزائل تیار کر رہا ہے جو چلتی ہوئی کار کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنا سکیں گے۔

یکم اکتوبر 2019 کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بین البراعظمی میزائل ڈی ایف فائیو بی کی نمائش کی جا رہی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

رپورٹس کے مطابق چین ایسے ہائپر سونک میزائل تیار کر رہا ہے جو چلتی ہوئی کار کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنا سکیں گے۔

دی انڈپینڈنٹ کے مطابق اس منصوبے میں شامل سائنس دان اسے ایک ’اہم پیش رفت‘ قرار دے رہے ہیں۔

اخبار ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ (ایس سی ایم پی) کے مطابق اس اقدام کا مقصد اس اہم مسئلے کو حل کرنا ہے کہ انتہائی رفتار سے حرکت کرتے ہوئے ہدف کو کیسے نشانہ بنایا جائے۔
ژیان میں پی ایل اے راکٹ فورس یونیورسٹی آف انجینیئرنگ کے یانگ ژیاؤ گانگ کی قیادت میں تحقیقی ٹیم نے کہا کہ انہیں ہائپر سونک ٹیکنالوجی کے بظاہر ان پچیدہ چیلنجوں کا حل نکالنے کے لیے 2025 کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

چین کے ایک جریدے ’انفراریڈ اینڈ لیزر انجینیئرنگ‘ میں شائع ہونے والے ایک مقالے میں سائنس دانوں کی ٹیم نے وضاحت کی کہ ایک سپر فاسٹ میزائل ایک سیکنڈ میں طویل فاصلہ طے کر سکتا ہے اور پوزیشننگ اور گائیڈنگ سسٹم میں ایک چھوٹی سی غلطی بہت بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

مزید پڑھیے: ’چین کا ہائپر سونک میزائل تجربہ، امریکی انٹیلی جنس حیران رہ گئی‘

اس میں کہا گیا کہ فاصلے پر موجود، ایک چھوٹے سے متحرک ہدف کے انفراریڈ سگنلز ’صرف چند پکسل تشکیل دیتے ہیں جس میں جسامت، رنگ اور ساخت جیسی تفصیلی معلومات نہیں ہوتیں‘، جس سے اس کی شناخت اور ٹریکنگ ’انتہائی مشکل‘ ہو جاتی ہے۔
سائنس دانوں نے کہا کہ اس نئے ہائپر سونک میزائل کے ذریعے چینی فوج ’علاقائی جنگ میں ہائپر سونک ہتھیاروں کے استعمال کا دائرہ کار نمایاں طور پر بڑھا سکتی ہے۔‘

مسٹر یانگ کے مطابق اس ٹیم کے پاس شناخت اور ٹریکنگ کا ایک نیا طریقہ ہے۔

چین نے حالیہ برسوں میں اپنی صلاحیت حرکت کرنے والے اہداف پر مرکوز کی ہوئی ہے، اس میں ایک ماڈل طیارہ بردار جہاز بھی شامل ہے، جسے صحرائے گوبی کی فائرنگ رینج میں پٹڑیوں پر بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: ہائپر سونک میزائل: اتنا تیز کہ آپ اسے آتا دیکھ نہیں سکیں گے

اس اخبار کے مطابق نیا ہائپر سونک میزائل کسی نئی تصویر کو استعمال کرنے کی بجائے ہر پکسل کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے موشن سینسرز کے ذریعے جمع کیے گئے ڈیٹا کو استعمال کرے گا۔

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ (ایس سی ایم پی) کی رپورٹ کے مطابق چینی فوج کا خیال ہے کہ ہائپر سونک ہتھیار جنگ کی نوعیت کو تبدیل کر دیں گے اور وہ اس ٹیکنالوجی میں برتری کے لیے بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
پی ایل اے کے ہائپر سونک پروگراام میں تقریباً 3000 سائنس دان کام کرتے ہیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی