عمران خان ٹیپو سلطان بننے کی کوشش نہ کریں: طلال چوہدری

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے کو دیر بالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے معیشت کی تباہی سے ملکی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری 4 جون 2022 کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں (تصویر: مسلم لیگ ن)

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما طلال چوہدری نے عمران خان کی ہفتے کو دیر بالا میں تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلا انقلابی دیکھا ہے جو میدان سے بھاگ گیا ہے۔

ہفتے کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان خود کو ٹیپو سلطان ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ ٹیپو سلطان میدان سے فرار نہیں ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب اس طرح نہیں آتے جس طرح عمران خان خود چھپ گئے اور دوسروں کو اپنے گھروں سے نکلنے کا کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو اس نہج پر پہنچانے والے سابق وزیراعظم ہی ہیں جن کی غلط پالیسیوں سے ملک کی معشیت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔

طلال چوہدری نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت کے سخت فیصلوں کی ذمہ داری عمران خان عائد ہوتی ہے جن کی پالیسوں کے باعث ڈالر مہنگا ہوا اور پھر پیٹرول سمیت ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے تاہم ان کا کہنا کہ حالات جلد ٹھیک ہو جائیں گے کیوں کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم دن رات محنت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: عمران خان کا اصل بیانیہ ہے کیا؟ بنیادی سوال

طلال چوہدری نے کہا کہ پارٹی سربراہ نواز شریف نے انہیں حکم دیا ہے کہ غریب لوگوں کا چولہا جلتا رہنا چاہیے۔

عمران خان کا دیر بالا میں خطاب

اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے کو دیر بالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے معیشت کی تباہی سے ملکی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا: ’یہ ہماری قومی سلامتی کا مسٔلہ بن چکا ہے۔  جب معیشت کمزور ہو گی تو ہماری سلامتی بھی کمزور ہوگی۔ لبنان کی مثال بھی ہمارے سامنے ہے جو اب دیوالیہ ہو چکا ہے۔‘

عمران خان نے اپنا الزام دہراتے ہوئے کہا کہ ’امریکہ، اسرائیل اور بھارت نے مل کر ان کی حکومت کے خلاف سازش کی تھی اور شہباز شریف کو اس ملک پر مسلط کر دیا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بیرونی طاقیں شہباز شریف کو اس لیے اقتدار میں لائی ہیں تاکہ وہ اپنے آقاؤں کے تمام احکامات کی پیروی کریں۔ ان کے آقاؤں میں سے ایک  آئی ایم ایف نے انہیں پہلا حکم ملک میں مہنگائی کرنے کا دیا جس کے جواب میں اس حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 60 روپے اضافہ کر دیا ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کرنے کے بعد اس حکومت نے رات کے اندھیرے میں گیس کی قیمت میں بھی 45 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی الزام لگایا کہ ’یہ حکومت الیکشن کمیشن کو اپنے ساتھ ملا کر ابھی سے الیکشن میں  دھاندلی کی کوشش کررہےہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست