امریکہ میں پاکستانی آم کے چرچے: پانچ سے چھ ہزار روپے فی کلو میں دستیاب

امریکہ میں پاکستانی آموں کی مانگ اتنی زیادہ ہے کہ ان دنوں دکانوں کے ساتھ ساتھ فیس بک مارکیٹ پلیس پر بھی کئی افراد پاکستانی آم کی سپلائی کا کام کر رہے ہیں۔

ان دنوں پاکستان سے آئے پھلوں کے بادشاہ نے امریکہ میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں (انڈپینڈنٹ اردو)

پاکستان کے آم صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں مشہور ہیں جس کی وجہ ان کی ایک خاص خوشبو اور ذائقہ ہے۔

اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ امریکہ میں رہنے والے پاکستانی آم کے موسم کو بھی تہوار کی طرح مناتے ہیں۔

یہی پاکستانی کئی ماہ قبل ہی دکانداروں سے پاکستانی آموں کے بارے میں پوچھنا شروع کر دیتے ہیں۔

ان دنوں پاکستان سے آئے پھلوں کے بادشاہ نے امریکہ میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔

امریکہ میں دیگر ممالک یعنی میکسیکو سمیت لاطینی امریکی ممالک سے آئے آم بڑی تعداد میں موجود ہیں مگر ان کا ذائقہ پاکستانیوں کو بالکل نہیں بھاتا۔

یہ آم تقریباً تین چار ڈالر (آٹھ سو روپے) فی کلو مل جاتے ہیں مگر دوسری جانب پاکستانی آم کے دو کلو کا ڈبہ 40 سے 50 ڈالر (آٹھ ہزار سے 10 ہزار روپے) کا ملتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دیگر ممالک سے آنے والے آموں کی نسبت پاکستانی آم مہنگے ہونے کے باوجود خریدار اکثر دکانوں پر پیشگی آرڈر کر دیتے ہیں۔

شکاگو کے ایک دکاندار محمد علی کہتے ہیں کہ پاکستان سے آم مہنگا آتا ہے جس کی کئی وجوہات ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ پاکستانی آم کو پہلے امریکہ کے محکمہ زراعت کے پلانٹ سے گزرنا پڑتا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ایسا اس لیے کیا جاتا ہے تاکہ اس کی شیلف لائف کو بڑھایا جاسکے اور کسی بھی قسم کے کیڑوں کو مارا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ڈیرھ سو سے دو سو روپے فی کلو بکنے والا آم امریکہ میں پانچ سے چھ ہزار روپے فی کلو ملتے ہیں، جس میں کم از کم باکس دو کلو کا ہوتا ہے۔

ان کے بقول پاکستان سے امریکہ آنے والے آموں میں سب سے زیادہ تعداد سندھڑی، انور رٹول، چونسا اور لنگڑا آموں کی ہے۔

امریکہ میں پاکستانی آموں کی مانگ اتنی زیادہ ہے کہ ان دنوں دکانوں کے ساتھ ساتھ فیس بک مارکیٹ پلیس پر بھی کئی افراد پاکستانی آم کی سپلائی کا کام کر رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا