پاکستان میں کرونا کیسز پھر سے بڑھنے لگے

این آئی ایچ کے اعداد و شمار کے مطابق 15 جون کو ملک بھر میں مجموعی طور پر کرونا کے 144 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گذشتہ ماہ مئی میں 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز سب سے زیادہ 94 تھے۔

مئی 2021 کو یہ تصویر اس وقت لی گئی تھی جب پاکستان میں کرونا کیسز میں اضافہ دیکھا گیا تھا (اے ایف پی / فائل)

پاکستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز (این آئی ایچ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح رواں ماہ میں پہلی بار ایک فیصد سے بڑھ گئی ہے۔

این آئی ایچ کے اعداد و شمار کے مطابق 15 جون کو ملک بھر میں مجموعی طور پر کرونا کے 144 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گذشتہ ماہ مئی میں 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز سب سے زیادہ 94 تھے۔

ملک بھر میں این آئی ایچ کے مطابق اب تک کرونا کے 15 لاکھ 31 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس میں موجودہ وقت میں دو ہزار نو سو سے زائد ایکٹیو کیسز ہیں جبکہ مجموعی طور پر ملک بھر میں اب تک 30 ہزار سے زائد اموات واقع ہوئیں ہے۔

اگر ملک بھر میں گذشتہ ایک ہفتے کی مثبت شرح پر نظر دوڑائیں تو 15 جون کو مثبت کیسز کی شرح 1.22 فیصد یعنی ہر 100 افراد میں سے ایک۔

اسی طرح 14 جون کو یہ شرح 0.83 فیصد، 13 جون کو 0.58 فیصد، 12 جون کو 0.79 فیصد، 11 جون کو 0.49 فیصد، 10 جون کو 0.54 فیصد، نو جون کو 0.59 فیصد، آٹھ جون کو 0.48 فیصد جبکہ سات جون کو شرح 0.44 ریکارڈ کی گئی ہے۔

صوبوں میں کیا صورتحال ہے؟

خیبر پختونخوا کی اگر بات کی جائے تو وہاں کرونا وبا کے اب تک مجموعی طور پر دو لاکھ 19 ہزار سے زائد کیسسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم مثبت کیسز کی شرح آج کل 0.3 فیصد سے 0.5 فیصد تک ہے۔

صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کو کہ وہ ایک دو دن میں مثبت کیسز کی شرح کا تجزیہ کریں گے اور دیکھیں گے کہ کیسز میں اضافہ تو نہیں ہو رہا ہے۔

پاکستان کا کرونا کے لیے بنائے گئے سرکاری ڈیٹا پورٹل کے مطابق خیبر پختونخوا میں بھی مئی سے اب تک سب سے زیادہ کیسز 15 جون کو رپورٹ ہوئے جو 24 گھنٹوں میں 12 کیسز ہیں۔

مئی میں سب سے زیادہ نو کیسز 26 مئی کو رپورٹ ہوئے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پنجاب میں بھی 15 جون کو ایک دن میں مئی کے مقابلے میں سب سے زیادہ 59 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب میں مئی کے پورے مہینے میں ایک دن میں کیسز کی رینج 28 اور 33 کیسز کے درمیان رہی لیکن اب 15 جون میں اس میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

پنجاب میں مجموعی طور پر اب تک پانچ لاکھ سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 13 ہزار سے زائد اموات واقع ہوئیں ہیں۔

سندھ کی صورتحال دوسرے صوبوں سے تھوڑی الگ ہے۔ سندھ میں مئی کے ایک دن کے مقابلے میں سب سے زیادہ کیسز نو جون کو رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 53 ہے تاہم مئی کے مقابلے میں جون میں کیسز کی شرح بڑھی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کا ڈیٹا سرکاری ڈیٹا پورٹل پر موجود ہی نہیں ہے۔ کووڈ کے لیے بنائے گئی ویب سائٹ میں بلوچستان میں مئی اور جون  میں صرف تین دنوں کا ڈیٹا موجود ہے جبکہ باقی ڈیٹا تاحال اپلوڈ ہی نہیں کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں بھی کیسز جون کے مہینے میں بڑھنا شروع ہوئے ہیں۔ مئی میں روزانہ کیسز کی تعداد دس سے 12 کیسسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم اب جون کے ابتدائی 15 دنوں میں روزانہ کی بنیاد پر سات سے 28 کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ 15 جون کو 22 جبکہ 13 جون کو 28 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت