بارشوں میں کیا احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں

اگر آپ واقعی پانی کی بہار سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو برسات کے موسم کے لیے کچھ آسان لیکن موثر حفاظتی اقدامات ہیں جن پر آپ کو عمل کرنا چاہیے۔

گرمی کے بعد بارش سے لطف اندوز ہونا قدرتی ہے لیکن اس دوران حفاظت بھی مدنظر رہنی چاہیے (تصاویر: پکسا بے)

مون سون کے موسم کو بلاشبہ پسند کرنے کی بہت سی وجوہات ہیں— سب سے اہم یہ ہے کہ یہ چلچلاتی گرمی کے خاتمے کا عارضی سہی لیکن سبب بنتا ہے اور تیز دھوپ سے ضروری راحت فراہم کرتا ہے۔ تاہم، سڑک حادثات سے لے کر بجلی کے بریک ڈاؤن تک، یہ موسم پریشانی کا باعث بھی بن سکتا ہے، خاص طور پر جب آپ پہلے سے تیار نہ ہوں۔

اگر آپ واقعی پانی کی بہار سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو برسات کے موسم کے لیے کچھ آسان لیکن موثر حفاظتی اقدامات ہیں، جن پر آپ کو عمل کرنا چاہیے۔

بجلی کی تاروں کو مت چھوئیں

بارش کے دوران گرے ہوئے بجلی کے تاروں سے دور رہیں۔ گرنے والے درخت اپنے ساتھ کھمبے گرا سکتے ہیں۔ ٹوٹی ہوئی تاروں کو چھونے سے ہمیشہ پرہیز کریں۔

اگرچہ بہت سے لوگوں کو اس کا احساس نہیں ہوتا لیکن گری ہوئی تاروں میں بھی کرنٹ ہو سکتا ہے اور ان کو چھونا ممکنہ طور پر جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر آپ کے بچے ہیں تو انہیں بجلی کے گرے ہوئے تاروں اور کھمبوں سے بھی دور رہنے کی ہدایت کریں۔ اگر آپ ان تاروں کو بارش کے بعد پانی کے گڑھے میں پڑے ہوئے دیکھیں تو جہاں تک ممکن ہو اس سے دور رہیں کیونکہ اس پانی میں قدم رکھنے سے بھی آپ کو بجلی کا جھٹکا لگ سکتا ہے۔

اپنے علاقے میں بجلی کے کھمبوں پر نظر رکھیں اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔ اس سے دوسروں کو حادثات سے بچانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

مون سون میں اپنی گاڑی کو براہ راست بجلی کی لائنوں کے نیچے یا کھمبوں کے پاس پارک نہ کریں۔

بارش میں پیدل چلنے سے گریز

بارش کے پانی میں چلنے سے فنگل انفیکشن ہو سکتا ہے۔ بارش میں چہل قدمی کرنا یا پانی میں چھلانگ لگانا اچھا لگتا ہے، خاص طور پر اگر آپ ملک کے جنوب میں رہتے ہوں، جہاں اکثر اس موسم سے لطف اندوز ہونے کا موقع نہیں ملتا ہے۔

تاہم، برسات کے موسم کے دوران سڑک پر کھڑے پانی سے دور رہنا بھی احتیاط میں شامل ہے۔ پانی کے یہ تالاب بظاہر صاف نظر آتے ہیں لیکن ان میں بہت سے بیکٹیریا ہوتے ہیں، جو متعدد بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں۔ ذیابیطس میں مبتلا افراد کو دوسروں کے مقابلے میں زیادہ احتیاط کرنی چاہیے۔

اگر آپ کے پاس اپنے گھر یا کام کی جگہ پر جانے کے لیے پانی میں قدم رکھنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، تو اپنے پاؤں کو صابن اور صاف پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔ اس کے علاوہ گیلے موزے یا گیلے جوتے نہ پہنیں کیونکہ ان میں ممکنہ طور پر تمام قسم کے جراثیم ہوں گے۔

بند یا ربڑ کے جوتے پہننا بھی محفوظ رہنے کی تجاویز میں سے ایک ہے۔

مچھروں سے بچیں

مچھر ٹھہرے ہوئے پانی میں انڈے دیتے ہیں، اس طرح مون سون ان پریشان کن کیڑوں کی افزائش نسل کا بہترین موسم بنتا ہے۔ اس حقیقت کے پیش نظر کہ وہ ملیریا، ڈینگی اور چکن گونیا کے ساتھ دیگر بیماریوں کو بھی منتقل کر سکتے ہیں، آپ کو کیڑوں کو دور رکھنے کے لیے مچھروں کو بھگانے والے الیکٹرانک یا کوائل جلانے پر غور کرنا چاہیے۔ کیڑوں کو بھگانے والے سپرے بھی عمدہ کام کر سکتے ہیں۔

مزید یہ کہ پورے بازو کی قمیص پہنیں اور اگر ممکن ہو تو باہر بیٹھنے سے گریز کریں۔ کھڑکیوں پر مچھر مار سکرین لگانا اور اپنے بستر کے ارد گرد مچھر دانی کا استعمال برسات کے موسم میں حفاظتی احتیاطی تدابیر میں شامل ہیں، جو آپ اور آپ کے خاندان کو صحت مند رکھیں گے۔

گاڑی آہستہ اور احتیاط سے چلائیں

مون سون کے موسم میں سڑکوں پر حادثات کافی عام ہیں، اسی لیے ڈرائیوروں کو اس موسم میں انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ چونکہ گیلے ٹریک پر پھسلن ہوسکتی ہے، اس لیے تیز رفتاری اور ٹیل گیٹنگ (آگے کی گاڑی کے انتہائی قریب چلنے) سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اگر آپ کے پیچھے گاڑی ٹیل گیٹ کر رہی ہے تو دونوں کے درمیان کچھ فاصلہ رکھنا یقینی بنائیں۔ کوئی بھی اچانک موڑ کاٹنے سے بھی گریز کریں۔

بارش کے دوران موٹرسائیکل چلانے سے ہوشیار رہیں کیونکہ وہ گیلی سڑکوں پر آسانی سے پھسل کر گرتے ہیں۔ اگر آپ کار چلاتے ہیں تو اپنے اردگرد بائیک چلانے والوں سے ہوشیار رہیں۔

بارش کے موسم میں روڈ سیفٹی کے سب سے اہم نکات میں سے ایک یہ ہے کہ بھاری گاڑیوں سے دور رہیں اور اپنی ہیڈلائٹس کو آن کریں تاکہ موسلادھار بارش کے باوجود آپ کی گاڑی نظر آئے۔ ایسے موسم میں گاڑی چلانے سے پہلے اپنے ایندھن، بریک، ٹائر اور وائپر چیک کرنا نہ بھولیں۔

الیکٹرانک آلات کو ان پلگ کریں

اگر آپ جس علاقے میں رہتے ہیں وہاں سیلاب کا خطرہ ہے تو تمام الیکٹرانک آلات بند کر کر دیں۔

بارش کے موسم میں برقی حفاظتی نکات میں سے ایک بجلی کے تاروں کو نہ چھونے کے علاوہ شدید بارش کے دوران الیکٹرانک آلات کو ان پلگ کرنا ہے۔ اس کی وجہ وولٹیج کا اتار چڑھاؤ اور لوڈشیڈنگ ہے۔ انتہائی زیادہ یا کم وولٹیج ممکنہ طور پر آپ کے مہنگے آلات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

کہنے کی ضرورت نہیں، ان کی مرمت یقینی طور پر آپ کے بٹوے پر دباؤ ڈالے گی۔ اگر آپ کی وائرنگ فضا میں نمی یا بارش کے پانی کی وجہ سے گیلی ہو جاتی ہے تو کسی کے لیے بھی ان آلات کو چھونا خطرناک ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگر آپ کسی ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں شدید بارش کے دوران سیلاب کا خطرہ ہوتا ہے تو آپ کے گھر میں پانی داخل ہونے سے پہلے ایسے تمام آلات کو بند اور ان پلگ کر دیں۔ اگر ممکن ہو تو بارش کے موسم میں حفاظتی اقدام کے طور پر الیکٹرانک آلات جیسے فریج اور ٹیلی ویژن کو کھڑکیوں سے دور منتقل کرنے پر غور کریں۔

کھڑکیاں ٹھیک طرح سے بند رکھیں

یقینی بنائیں کہ بارش کے دوران آپ کی تمام کھڑکیاں مضبوطی سے بند ہیں۔

آپ کو یہ بھی یقینی بنانا ہو گا کہ آپ کی کھڑکیاں ہر طرح سے بند رہیں تاکہ شدید بارش کے دوران آپ کے گھر میں پانی داخل نہ ہو۔ اگر پانی اب بھی آپ کی کھڑکیوں سے آرہا ہے تو یقینی بنائیں کہ مرمت والے کاریگر کو کال کریں اور جلد از جلد مسئلہ حل کریں ورنہ بارش کا قطرہ آپ کی دیوار کی پینٹ اور فرش کو خراب کر سکتا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ پانی آپ کی وائرنگ میں بھی داخل ہو سکتا ہے جو تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔

آپ کو اپنے فرنیچر کی بھی حفاظت کرنی چاہیے جو کھڑکیوں یا دروازوں کے قریب رکھا گیا ہے، یہ برسات کے موسم میں ایک اور حفاظتی ٹپ ہے جسے لوگ اکثر فالو کرنا بھول جاتے ہیں۔ اگر آپ اپنے فرنیچر کے گیلے ہونے کے بارے میں فکر مند ہیں تو سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ اسے پلاسٹک کی بڑی چادروں سے ڈھانپیں تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

آپ اپنے گھر کا بیمہ کروانے پر بھی غور کر سکتے ہیں کیونکہ بہت سی انشورنس پالیسیاں قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو پورا کرتی ہیں۔

چھتری، برساتی کوٹ قریب رکھیں

مون سون کے موسم میں ہمیشہ اپنی گاڑی میں یا اپنے کام کی جگہ پر چھتری رکھیں۔ اس موسم میں ہاتھ میں چھتری رکھنا ضروری ہے۔ یہ عادت نہ صرف آپ کو بیمار ہونے سے بچائے گی بلکہ آپ کی قیمتی اشیا جیسے کہ آپ کے موبائل فون، بٹوے اور کارڈز کو بارش کے دوران گیلے ہونے سے بچانے میں بھی مدد ملے گی۔ اگر چھتری لے جانے میں پریشانی محسوس ہوتی ہے تو برساتی کوٹ خرید لیں۔

بارش کے موسم میں اپنا سامان پلاسٹک کے چھوٹے تھیلوں میں لے جانے کا بھی مشورہ دیا جاتا ہے تاکہ اگر آپ بارش میں پھنس جائیں تو بھی آپ کو اپنے ہینڈ بیگ یا بیگ میں پانی داخل ہونے اور آپ کی چیزوں کو خراب کرنے کی فکر نہ کرنی پڑے۔

ہنگامی کٹ تیار رکھیں

بارش کے موسم کے لیے ہنگامی یا ایمرجنسی کٹ میں بیٹری سے چلنے والی روشنی اور دوا شامل کرنا نہ بھولیں۔

بار بار بجلی کا بریک ڈاؤن اور اچانک سیلاب مون سون کے موسم کا سب سے پریشان کن حصہ ہیں۔ چونکہ آپ وقت سے پہلے ایسی قدرتی آفات سے لڑ نہیں سکتے یا ہمیشہ پیش گوئی نہیں کر سکتے، اس لیے بدترین کے لیے تیار رہنا ہمیشہ بہتر ہے۔ خاص طور پر اگر آپ ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں سیلاب کا خطرہ ہو۔

درج ذیل میں ضروری اشیا کی ایک چیک لسٹ ہے جو آپ کو اپنی ایمرجنسی کٹ میں شامل کرنا ضروری ہے۔

  • صاف پانی
  • مچھر بھگانے والی کریمیں
  • تھرمامیٹر
  • ابتدائی طبی امداد کی پٹیاں اور روئی 
  • مرہم
  • ادویات
  • خراب نہ ہونے والی خوراک جیسے کہ خشک میوہ
  • بیٹری سے چلنے والی ایمرجنسی لائٹ
  • کپڑوں اور جرابوں کا اضافی سیٹ

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات