پاکستان میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی

پاکستان میں محکمہ موسمیات نے پیر سے بدھ تک ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کی پیشں گوئی کی ہے جس کے بعد قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کی جانب سے بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ تصویر 2021 میں ہونے والے بارشوں کے دوران سندھ کے شہر حیدرآباد میں موٹر سائیکل پر جاتی شہری کی ہے (اے ایف پی)

پاکستان میں محکمہ موسمیات نے پیر سے بدھ تک ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے جس کے بعد قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کی جانب سے بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی بارشوں کا سلسلہ پیر  سے ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں داخل ہو گا جس کے باعث بیشتر مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں موسلا دھار سے شدید موسلا دھاربارش  کا امکان ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

ممکنہ طور پر ان بارشوں کی لپیٹ میں آنے والے علاقوں میں اسلام آباد، کراچی، پشاور ، راولپنڈی، سیالکوٹ سمیت گلگت بلتستان میں استور، غذر، گلگت، دیامیر، ہنزہ، سکردو اور بلوچستان میں ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل ،کوہلو، بارکھان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان بیشتر علاقوں میں گذشتہ چند روز سے پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے بعض علاقوں میں گرمی کی شدت میں قدرے کمی تو واقعے ہوئی ہے تاہم بارشوں کی شدت کو دیکھتے ہوئے شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے والے افراد اور کچی آبادیوں میں رہنے والوں کے لیے یہ بارشیں پریشانی کا باعث بن رہی ہیں۔

ممکنہ اثرات:

ان بارشوں کی پیش گوئی کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات نے ممکنہ اثرات سے بھی خبردار کیا ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث خیبر پختونحوا، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

موسلا دھار بارش سے خیبر پختونحوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان کے مقامی ندی نالوں/دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ۔

پشاور، مردان، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ۔

آندھی /تیز ہواؤں کے باعث خیبر پختونحوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے ان دنوں کے دوران مسافروں اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تاقید کی ہے۔

الرٹ جاری

دوسری جانب پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق تیز بارشوں کے اس سلسلے کے باعث خیبر پختونحوا ،گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ ملک کے بیشتر  علاقوں میں ندی نالوں/دریاؤں میں طغیانی، اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

 بیان میں کہا گیا ہے کہ اس صورتحال کے پیش نظر  تمام متعلقہ وفاقی، صوبائی وزارتوں، ان کے ماتحت متعلقہ اداروں بشمول پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ، گلگت بلتستان، اسٹیٹ اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت تمام متعلقہ محکموں کو کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بر وقت و پیشگی اقدامات کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسی حوالے سے قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز ہونے والی بارشوں سے سبی کے علاقے بیجی نالہ میں کٹ منڈائی کے علاقے میں طغیانی کے باعث ایک گاڑی بہہ گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور چار زخمی  ہوگئے ہیں۔ 

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بارشوں سے ہرنائی سنجاوی سڑک مختلف پہاڑی علاقوں میں سیلابی ریلوں سے متاثر ہوئی، جسے بعد میں ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔ 

 پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کوہلو میں سیلاب کے باعث سناری کور پل متاثر ہوا، جسے بعد میں کلیئر کر دیا گیا۔ بارکھان میں ڈیم اوور فلو ہونے سے سیلابی راستے کھول دیے گئے۔

دوسری جانب پاکستان کے ہمسایہ ممالک بنگلہ دیش اور بھارت پہلے ہی شدید بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں کی زد میں ہیں جہاں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش بھارت میں بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 50 سے تجاوز کر گئی ہے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان