یوکرین: شاپنگ مال پر میزائل گرنے کے بعد افراتفری کے مناظر

یوکرین کے شہر کریمین چوک میں ایک شاپنگ مال پر 27 جون کو ہونے والے ایک میزائل حملے میں 18 لوگ مارے گئے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری ہوئی ہے۔

یوکرینی شہر کریمین چوک کے ایک شاپنگ سینٹر پر روسی مزائل حملے کے بعد نزدیکی پارک میں پھیلنے والی افراتفری کے مناظر کو سی سی ٹی وی کیمرے نے محفوظ کر لیا۔

یہ واقعہ 27 جون کو پیش آیا جب قریبی مال پر میزائل گرنے سے پارک اور ملحقہ زمین دہل گئی، ملبہ اڑ کر پارک کے تالاب میں جا گرا، ایک درخت کے سارے پتے جھڑ گئے اور پارک میں موجود ایک شخص نے خود کو بچانے کے لیے تالاب میں چھلانگ لگا لی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے سی سی ٹی وی میں نظر آنے والی عمارتوں اور خلا سے لی گئی تصاویر کے موازنے سے جگہ کی تصدیق کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حملے کے اگلے روز 18 افراد کے مرنے کے غم میں یوم سوگ منایا گیا اور فائر فائٹرز نے ملبے کو صاف کیا۔

روس کا کہنا ہے کہ واقعہ ایک فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کے دوران رونما ہوا۔

روس کے سرکاری میڈیا میں روسی وزارت دفاع کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ ہوا ہے کہ ’روسی افواج نے کریمین چوک میں مغربی اسلحے کے ایک گودام کو نشانہ بنایا تھا۔ گودام میں رکھے گولہ بارود میں لگی آگ نے قریبی مال کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔‘

روس یوکرین میں اپنے ’خصوصی فوجی آپریشن‘ میں جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزام کی ترید کرتا آیا ہے تاہم اب تک اس آپریشن میں کئی شہر تباہ ہو چکے ہیں، ہزاروں افراد مارے گئے ہیں اور لاکھوں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا