قطر فٹ بال ورلڈ کپ کے باقی ماندہ ٹکٹوں کی فروخت آئندہ ہفتے

فیفا نے یہ بتائے بغیر کہ اب کتنے ٹکٹ دستیاب ہیں کہا کہ فروخت کے پہلے دو مرحلوں میں تقریباً 18 لاکھ ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔

قطر کے فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل پوسٹر کی نقاب کشائی 15 جون 2022 کو دوحہ کے حماد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کی گئی تھی (اے ایف پی/کریم جعفر)

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے بتایا ہے کہ قطر میں رواں سال ہونے والے ورلڈ کپ کے بقیہ ٹکٹ اگلے ہفتے سے ’پہلے آؤ، پہلے پاؤ‘ کی بنیاد پر دستیاب ہوں گے۔

فیفا نے یہ بتائے بغیر کہ اب کتنے ٹکٹ دستیاب ہیں کہا کہ فروخت کے پہلے دو مرحلوں میں تقریباً 18 لاکھ ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔

فیفا نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ تازہ ترین ٹکٹوں کی آن لائن فروخت پانچ جولائی سے دوحہ کے وقت کے مطابق رات 12 بجے (0900 جی ایم ٹی) سے 16 اگست کی رات 12 بجے تک آن لائن شروع کی جائے گی۔

عالمی ادارے نے کہا کہ فروخت کے نئے راؤنڈ میں دنیا بھر میں بہت زیادہ دلچسپی متوقع ہے۔

حکام نے بتایا کہ مجموعی طور پر 30 لاکھ ٹکٹ دستیاب ہیں جن میں سپانسرز کے لیے مختص ٹکٹ بھی شامل ہیں۔

ورلڈ کپ کے چیف آرگنائزر حسن آل ثاواڈی نے کہا تھا کہ اب تک 12 لاکھ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فیفا کے صدر گیاننی انفینٹینو نے کہا کہ 80 ہزار نشستوں والے لوسیل سٹیڈیم میں صرف فائنل کے لیے 50 لاکھ ٹکٹوں کی درخواستیں تھیں۔

دوحہ، جس کی آبادی تقریباً 24 لاکھ ہے اور رہائش محدود ہے، 32 ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے لیے شائقین کی بڑی تعداد میں آمد کے لیے خود کو تیار کر رہا ہے۔

قطر نے گذشتہ ماہ ہمسایہ خلیجی ممالک سے روزانہ متعدد شٹل پروازوں کا اعلان کیا تھا جس کے باعث شائقین کہیں اور رہ سکتے ہیں اور کھیل دیکھنے کے لیے پرواز کر سکتے ہیں۔

قطر نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ کے شائقین کے پاس ’بہت سارے آپشن‘ ہیں جن میں اس وقت ایک لاکھ سے زائد کمرے دستیاب ہیں اور ٹورنامنٹ کی کک آف تک مزید کی توقع ہے۔

فٹ بال کے کچھ فینز نے تشویش کا اظہار کیا تھا کہ وہ 21 نومبر سے 18 دسمبر تک جاری رہنے والے ورلڈ کپ کے لیے اپنے بجٹ کے مطابق رہائش تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

رہائش کی قیمتیں 300 قطری ریال (80 ڈالر سے زیادہ) سے لے کر کئی ہزار ڈالر فی رات تک ہیں۔

ٹورنامنٹ کی تنظیمی کمیٹی کے لیے رہائش کے انچارج عہدیدار عمر الجابر نے واضح کیا کہ وہ اب تک 25 ہزار سے زائد افراد بکنگ کر چکے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ ’بکنگ کی بات کر رہے ہیں کمروں یا راتوں کی نہیں۔‘

انہوں نے دوحہ میں دستیاب اپارٹمنٹس کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ان کی ویب سائٹ کا دورہ کریں گے تو آپ کو بہت سی آپشن مل جائیں گی۔

’اور اگر آپ کو آج جگہ نہیں ملتی، تو آپ کو کل یا کل کے بعد چیک کرنے کی ضرورت ہے... کیونکہ... ہم اس پورٹل میں مزید انوینٹری شامل کرتے رہتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے تک ایک لاکھ سے زائد کمرے دستیاب ہیں۔ ’اگر ہم نومبر تک جائیں تو شاید ہم ایک لاکھ  30 ہزار سے زائد کمروں یا ایک لاکھ 40 ہزار کمروں تک پہنچ جائیں گے۔‘

شائقین کو عام طور پر اس طرح کے ٹورنامنٹوں کے لیے خود رہائش تلاش کرنی پڑتی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال