ٹک ٹاک: ڈیلیٹ شدہ ویڈیوز میں پاکستان کا دوسرا نمبر، امریکہ نمبر ون

ٹک ٹاک نے کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر2022 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان سے تقریباً 12.5 ملین ویڈیوزحذف کر دی ہیں۔

فرانسیسی نوجوان ٹک ٹاک ایپ کیمرے کی جانب دکھاتے ہوئے (فائل تصویر: اے ایف پی، 21012021)

ٹک ٹاک نے کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر2022 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان سے تقریباً 12.5 ملین ویڈیوزحذف کر دی ہیں۔

ایک بیان کے مطابق حذف کی جانے والی12,490,309ویڈیوزکے ساتھ، پاکستان جنوری سے مارچ 2022 کے درمیان، کمیونٹی گائیڈ لائنزکی خلاف ورزیوں کے باعث ان ویڈیوز کے اعتبار سے دوسرے نمبر رہا جودنیا بھر میں حذف  کی گئیں۔

کمیونٹی گائیڈ لائنز کے نفاذ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کسی بھی ویڈیو کو اس کے دیکھنے جانے سے قبل  حذف کرنے کی شرح 96.5 فیصد اور 24 گھنٹے کے اندر حذف کیے جانے کی شرح 97.3 فیصد رہی۔

رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ روس-یوکرین جنگ کے تناظر میں ٹک ٹاک کی تحفظاتی ٹیم نے یوکرین جنگ پر توجہ مرکوز رکھی اور 41,191 ویڈیوزحذف کیں جن میں سے 87 فیصدویڈیوز نقصان دہ اورغلط معلومات کے خلاف اس کی پالیسیوں کے خلاف تھیں۔

مختصر دورانیے کی ویڈیوز کے ممتاز پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے 2022 کی پہلی سہ ماہی کے لیے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ جاری کی ہے۔

امریکہ میں 14,044,224 ویڈیوز حذف کی گئیں جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ تعداد ہے اور اس طرح امریکہ پہلے نمبر پر رہا۔

اس سہ ماہی میں عالمی سطح پر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیوزمیں سے 102,305,516 ویڈیوز حذف کی گئیں جو کل تعداد کا تقریباً ایک فیصد ہے۔

اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک الرٹ سسٹم

دوسری جانب گوگل نے پاکستان میں زلزلے کی خبر دینے والا اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک الرٹ سسٹم  متعارف کروا دیا ہے۔

یہ الرٹ سسٹم بلا قیمت ہے اوراینڈرائیڈ پلیٹ فارم کا ایک مددگار فیچر ہے جو دنیا بھر میں زلزلوں کا پتہ لگاتا اور لوگوں کو آگاہ کرتا ہے۔ یہ سسٹم زلزلے کی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کے لیے فعال اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں موجود ایکسلرومیٹر (accelerometers)استعمال کرتا ہے اور دو طریقوں سے لوگوں کوزلزلے کے بارے آگاہ کرتا ہے:  ایک  سرچ کے ذریعے اوردوسرا ڈیوائس کے ذریعے براہ راست۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ سسٹم گوگل سرچ کو تقریباً فوری طور پر (near-instant)معلومات فراہم کرتا ہے۔

ماضی میں،پاکستان بالخصوص شمالی اور مغربی حصوں میں متعدد زلزلوں کا سامنا کر چکا ہے۔

زلزلے کے اس سسٹم میں توسیع سے، پاکستان میں اینڈرائیڈ صارفین کو خودکار طور پرابتدائی وارننگ الرٹس موصول ہو سکتے ہیں جو اْنھیں ہنگامی صورت حال کے لیے تیار رہنے میں مدد دیتے ہیں۔

موبائل آلات پر، اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک الرٹس سسٹم دو اقسام کے الرٹس دکھاتا ہے جن کا انحصار زلزلے کی شدت پر ہوتا ہے۔

اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک سسٹم پہلے نیوزی لینڈ اور یونان میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اب یہ قازقستان، کرغز جمہوریہ، فلپائن، تاجکستان، ترکی، ترکمانستان،  امریکہ اور ازبکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی دستیاب ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی