’گمراہ کن‘ اشتہار: سام سنگ پر بھاری جرمانہ

سام سنگ نے آسٹریلیوی عدالت میں 2016 سے 2018 کے درمیان گلیکسی سمارٹ فونز کے سات ماڈلز کے مختلف اشتہاروں میں جھوٹے اور گمراہ کن دعوے کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

سیول میں ایک خاتون سات، جولائی 2022 کو سام سنگ کے ایک اشتہار کے سامنے سے گزر رہی ہے (اے ایف پی)

ایک آسٹریلوی جج نے جمعرات کو سام سنگ کو حکم دیا کہ وہ اپنے سمارٹ فونز کے کچھ ماڈلز میں پانی سے مزاحم ہونے کے بارے میں گمراہ کن اشتہارات پر جرمانے کے طور پر 14 ملین آسٹریلوی ڈالرز (9.8 ملین امریکی ڈالرز) ادا کرے۔

فیڈرل کورٹ کے جسٹس برینڈن مرفی نے جنوبی کوریا میں قائم سام سنگ الیکٹرانکس کمپنی کے ذیلی ادارے سام سنگ الیکٹرانکس آسٹریلیا کو جرمانے کی ادائیگی کے لیے 30 دن کا وقت دیا ہے۔

سام سنگ کو آسٹریلوی کمپیٹیشن اینڈ کنزیومر کمیشن کے اخراجات کی مد میں  (140,000$)  بھی ادا کرنا ہوں گے۔ صارفین کے اس نگران ادارے نے چار سال قبل سام سنگ کے فونز کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

سام سنگ نے 2016 سے 2018 کے درمیان نو اشتہارات میں گلیکسی سمارٹ فونز کے سات ماڈلز کے پانی کی مزاحمت کے بارے میں جھوٹے اور گمراہ کن دعوے کرنے کا اعتراف کیا۔ یہ فونز S7، S7 Edge، A5 (2017)، A7 (2017)، S8، S8 Plus  اور Note 8  ہیں۔

سام سنگ اور کمیشن نے عائد جرمانے پر بھی اتفاق کیا۔ گمراہ کن اشتہارات نے فون کی پانی کی مزاحمت اور سوئمنگ پولز اور سمندری پانی میں استعمال کے لیے موزوں ہونے کو فروغ دیا۔

لیکن دعوؤں کے برعکس پانی کی وجہ سے چارجنگ پورٹس کو نقصان پہنچ سکتا تھااور وہ کام کرنا چھوڑ سکتیں تھیں۔

سام سنگ نے کہا کہ چارجنگ پورٹ کے مسئلے نے صرف ان سات ماڈلز کو متاثر کیا جن کی نشاندہی کیس میں کی گئی اور جو 2016 اور 2017 کے درمیان آئے تھے۔

سام سنگ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’یہ مسئلہ سام سنگ کے موجودہ فونز کے لیے پیدا نہیں ہوتا۔‘

سام سنگ نے آسٹریلیا میں ایسے 31 لاکھ فونز فروخت کیے تھے، لیکن عدالت اس بات کا تعین نہیں کر سکی کہ ان میں سے کتنے فونز کی چارجنگ پورٹس میں صارفین کو خرابیاں ملیں۔

عدالت کو بتایا گیا کہ صارفین کی ایک نامعلوم تعداد نے اپنی پورٹس کو مجاز سام سنگ ریپئررز کے ذریعے تبدیل کر دیا تھا۔

کچھ مرمت کرنے والوں نے یہ کام مفت میں کیا جبکہ دوسروں نے (126$) اور (171$) کے درمیان چارج کیا۔

مرفی نے کہا کہ صارفین یہ فرض کرنے کے حق دار ہیں کہ سام سنگ جیسی بڑی کمپنی اپنے فونز کی پانی میں پرفارمنس کے متعلق کوئی غلط تشہیر نہیں کرے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مرفی نے اپنے فیصلے میں کہا، ’ممکن ہے کہ بہت سارے صارفین نے غلط دعوؤں پر مبنی اشتہار دیکھ کر انہیں خریدا ہو۔‘

کمیشن کی سربراہ جینا کیس گوٹلیب نے کہا کہ انہیں فون مالکان کی جانب سے سینکڑوں شکایات موصول ہوئی تھیں۔

جج نے مزید کہا کہ سام سنگ کے وکلا نے ابتدائی طور پر اس بات کی تردید کی تھی کہ اشتہارات گمراہ کن تھے اور پانی میں ڈوبنے سے فونز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مرفی نے کہا، ’میں نہیں سمجھتا کہ سام سنگ آسٹریلیا کو اس کے تعاون کا زیادہ کریڈٹ دیا جانا چاہیے۔‘

سام سنگ نے کہا کہ اس نے کمیشن کی تحقیقات کے ساتھ تعاون کیا ہے، جس میں اصل میں 600 سے زیادہ اشتہارات اور 15 گلیکسی فون ماڈلز شامل تھے۔

سام سنگ نے کہا کہ ’سام سنگ اپنے تمام صارفین کو بہترین ممکنہ تجربہ فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے اور ہمیں افسوس ہے کہ ہمارے گلیکسی صارفین کی ایک چھوٹی تعداد کو اس معاملے سے متعلق اپنے ڈیوائس کے ساتھ مسئلہ کا سامنا کرنا پڑا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی