پاکستان میں مہنگائی 14 سال کی بلند ترین سطح پر: ادارہ برائے شماریات

ادارہ برائے شماریات نے مہنگائی کے ماہانہ اعدادوشمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق جولائی میں مہنگائی کی شرح 24.9 فیصد پر پہنچ گئی  ہے۔

اس تصویر میں 10 جنوری 2022 کو کراچی کا ایک دکان دار گاہکوں کا انتظار کر رہا ہے (تصویر: اے ایف پی فائل)

پاکستان کے ادارہ برائے شماریات کی جولائی کے مہینے کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی 14 سال کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہے۔

ادارے نے ماہانہ مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق جولائی میں مہنگائی کی شرح 24.9 فیصد پر پہنچ گئی  ہے۔

ایک ماہ میں شہروں میں سبزیاں 25.14 فیصد اور دال چنا 13.87 فیصد مہنگی ہوئیں ہیں۔

اس دوران پیاز 14 فیصد، آلو 11 فیصد، گندم 9.76 فیصد، دال ماش 10 فیصد اور دال مسور نو فیصد مہنگی ہوئی ہیں۔

ادارہ برائے شماریات کے مطابق گذشتہ ماہ چائے نو فیصد، انڈے آٹھ فیصد، خوردنی تیل 7.66 فیصد اور آٹا 6.3 فیصد مہنگا ہوا ہے۔

شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح

رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں میں ماہانہ بنیادوں پر بجلی 39.35 فیصد مہنگی ہوئی اور پٹرول 7.35 فیصد مہنگا ہوا ہے۔

ادارے کے ایک سال کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ شہری علاقوں میں ایک سال میں دال مسور 92.4 فیصد، پیاز 89.4 فیصد، گھی 74 فیصد اور خوردنی تیل 72.5 فیصد، سفید  چنے 67.4 فیصد اور مرغی 59 فیصد مہنگی ہوئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی ادارہ برائے شماریات کے مطابق ایک سال میں ملک کے شہری علاقوں میں  گندم 45 فیصد، دال چنا 43.2 فیصد، سبزیاں اور پھل 40 فیصد اور دودھ 24.7 فیصد مہنگا ہوا۔

نان فوڈ انفلیشن میں شہری علاقوں میں ایک سال میں پٹرولیم مصنوعات 94.4 فیصد، بجلی کی قیمت میں86.7 فیصد اضافہ ہوا۔

دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح

ادارہ برائے شماریات کی اسی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دیہی علاقوں میں ایک ماہ میں آلو 20 فیصد، سبزیاں 14.7 فیصد، دال چنا 15.5فیصد، دال مسور 9.6 فیصد، انڈے نو فیصد، دال ماش آٹھ فیصد،  گندم سات فیصد اور چاول 6.1 فیصد مہنگے ہوئے۔

اگر دیہی علاقوں  میں افراط زر کے ایک سال کےاعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ ایک سال میں دیہات میں پیاز 100 فیصد، دال مسور 90.4 فیصد، خوردنی تیل 82.7 فیصد، گھی 82.2 فیصد، چنے 74.4 فیصد، مرغی 60.8 فیصد، دال چنا 48.3 فیصد، پھل 46 فیصد اور سبزیاں 39 فیصد مہنگی ہوئیں۔

ہاؤسنگ کے شعبے میں اخراجات اور کرایوں میں 21.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت