الیکشن کمیشن کے عمران خان کو تین شوکاز نوٹسز

دوسری جانب فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لیے حکومت کو الٹی میٹم دے گی اور صرف ایک مہینے کا وقت دیا جائے گا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان 24 فروری، 2021 کو سری لنکا میں ایک کانفرنس میں شریک ہیں (اے ایف پی)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کے فیصلے کی روشنی میں جمعے کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تین نوٹس جاری کر دیے۔ 

الیکشن کمیشن کی آج سامنے آنے والی کاز لسٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم كو جاری ہونے والے پہلے نوٹس كی سماعت 23 اگست کو مقرر كی گئی ہے، جس کے تحت عمران خان کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو کر اپنا موقف بیان کرنا ہو گا۔ 

ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ مقدمے کے دو اگست کے فیصلے میں کہا گیا تھا الیکشن کمیشن نے عمران خان کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرنا ہے۔ 

اس کیس کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے۔ 

پاکستان میں سیاسی جماعتوں کی تشکیل اور کام کرنے سے متعلق قانون ’پاکستان پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002‘ سیاسی جماعتوں پر غیر ملکی شہریوں، حکومتوں، کمپنیوں یا اداروں سے فنڈز حاصل کرنے پر پابندی عائد کرتا ہے، اور ایسا ہونے کی صورت میں مذکورہ فنڈز کی ضبطگی کا ذکر کرتا ہے۔ 

عمران خان کو دوسرا نوٹس پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا کی ایک درخواست پر جاری کیا گیا، جس کی سماعت 18 اگست کو مقرر ہوئی ہے۔ 

ایم این اے محسن شاہ نواز نے اپنی درخواست میں کہا کہ عمران خان نے 2022 کے شروع میں جمع کیے گئے اپنی فنانشل سٹیٹمنٹ میں توشہ خانہ سے حاصل کیے گئے تحائف کا ذکر نہیں کیا۔ 

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ’اپنے اثاثوں کو خفیہ رکھنے کی وجہ سے عمران خان کو آئین کی شق 62(1)ایف کے تحت نا اہل قرار دیا جائے۔‘ 

اس درخواست پر دوسرے اراکین قومی اسمبلی بشمول آغا رفیع اللہ، آغا حسن بلوچ، صلاح الدین ایوبی، علی گوہر اور سعد وسیم شیخ کے دستخط موجود ہیں۔

عمران خان کو تیسرا نوٹس حکمران سیاسی جماعتوں کے اتحاد پاکستان جمہوری تحریک (پی ڈی ایم) کی طرف سے دائر کیے گئے ریفرنس میں جاری کیا گیا، جس کی سماعت 16 اگست کو رکھی گئی ہے۔ 

اس ریفرنس میں ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کے فیصلے کی روشنی میں ان کی نااہلی کی استدعا کی گئی ہے۔ 

تحریک انصاف کا احتجاج 

دوسری طرف پی ٹی آئی نے ایک مرتبہ پھر الیکشن کمیشن کے ’کسی فیصلے اور انتخابات کے عمل پر عدم اعتماد‘ کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آج پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت جلد ہی وفاقی دارالحکومت میں اجتماع کی تاریخ کا اعلان کرے گی۔ 

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ احتجاج کی تاریخ کا اعلان آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کر دیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ مذکورہ احتجاج میں تحریک انصاف آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لیے الٹی میٹم دے گی اور وفاقی حکومت کو صرف ایک مہینے کا وقت دیا جائے گا۔ 

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اجتماع میں وفاقی حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا الٹی میٹم دیا جائے گا اور حکمرانوں کی طرف سے ایسا اعلان نہ ہونے کی صورت میں اگلا اقدام اٹھایا جائے گا۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست