کامن ویلتھ گیمز: انگلینڈ کی خواتین ہاکی ٹیم کا پہلا گولڈ میڈل

آسٹریلیا کی ٹیم نے واحد گول میچ ختم ہونے سے محض 19 سیکنڈز پہلے کیا لیکن اس وقت تک فتح ان کی پہنچ سے کوسوں دور جاچکی تھی۔

انگلینڈ کی خواتین ہاکی پلیئرز کامن ویلتھ گیمز میں 7 اگست 2022 کو طلائی تمغہ جیتنے کے بعد خوشی منا رہی ہیں۔ انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دی ہے (تصویر: اے ایف پی

انگلینڈ کی خواتین ہاکی ٹیم نے اتوار کو اپنی حریف آسٹریلوی ٹیم کو ایک سخت مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر پہلی بار کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔

ہولی ہنٹ کی شاندار سٹرائیک سے انگلینڈ نے پہلا گول کیا جس کے چند منٹ بعد ٹیس ہاورڈ نے دوسرا گول داغ کر انگلینڈ کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے واحد گول میچ ختم ہونے سے محض 19 سیکنڈز پہلے کیا لیکن اس وقت تک فتح ان کی پہنچ سے کوسوں دور جاچکی تھی۔

میچ کے بعد انگلینڈ کی کپتان ہولی ہنٹ نے کہا کہ ’میرے پاس الفاظ کم پڑ گئے ہیں۔ یہ تاریخ میں پہلی بار ہے کہ ہم نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے۔‘

1998 میں ہاکی کو کامن ویلتھ گیمز میں شامل کرنے کے بعد سے انگلینڈ نے ہر بار دولت مشترکہ کھیلوں میں کوئی نہ کوئی تمغہ جیتا تھا لیکن یہ پہلی بار ہے کہ خواتین کی ہاکی ٹیم نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

برمنگھم یونیورسٹی میں مقامی شائقین کے سامنے کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ کی 12ویں کھلاڑی فلورا پیل نے اپنا کردار بخوبی ادا کیا۔

ابتدائی کوارٹر کے بعد، جس میں انگلینڈ کو تین پنالٹی کارنرز ملے، فلورا پیل نے دوسرے کوارٹر کے شروع میں ڈی کے اوپر سے ہولی ہنٹ کو پاس دیا جنہوں نے اسے گول میں ڈالنے میں دیر نہیں لگائی۔

صرف چار منٹ بعد پیل نے گیند کو ٹیس ہاورڈ کی جانب پھینکا جنہوں نے اسے آسٹریلیا کے گول کیپر کے اوپر سے اچھال کر نیٹ میں پہنچا دیا۔

وقفے کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم مضبوط دکھائی دے رہی تھی جنہوں نے مخالف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کیے لیکن وہ آخری لمحات میں ہی اپنا پہلا اور واحد گول کرنے میں کامیاب ہوئی۔

جمعے کو سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنسنی خیز فتح نے انگلش ٹیم کو فائنل میں پہنچایا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل