انڈیا: ڈکیتی کی رقم غریبوں میں تقسیم کرنے والا ’رابن ہڈ‘ گرفتار

پولیس کے مطابق 27 سالہ وسیم اکرم عرف لمبو نے ’دہلی میں پوش علاقوں کے بڑے گھروں‘ میں لوٹ مار کی، نقدی اور زیورات چوری کیے اور اس میں سے کچھ غریب افراد میں تقسیم کر دیے۔

گذشتہ چار ماہ سے وسیم اکرم کا پیچھا کرنے والے پولیس کے ایک خصوصی سیل نے بالآخر جمعے کو اسے گرفتار کیا (فائل فوٹو: روئٹرز)

انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے 25 افراد پر مشتمل ’رابن ہڈ‘ گروپ کے سرغنہ کو گرفتار کیا ہے جو امیروں کو لوٹ کر ان سے حاصل ہونے والی آمدنی میں سے کچھ غریبوں کو دیتا تھا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ 27 سالہ وسیم اکرم عرف لمبو نے ’دہلی میں پوش علاقوں کے بڑے گھروں‘ میں لوٹ مار کی، نقدی اور زیورات چوری کیے اور ان میں سے کچھ غریب افراد میں تقسیم کر دیے۔

دہلی پولیس نے ایک بیان میں کہا: ’اسی وجہ سے اس علاقے میں ان کے بہت سے فالوؤرز ہیں جو انہیں پولیس کی نقل و حرکت کے بارے میں فوری معلومات فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ فرار ہو سکیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا: ’بدنام زمانہ مفرور ہسٹری شیٹر‘ (انگریزی اصطلاح، جس کا مطلب عادی مجرم ہے) اکثر متعدد انڈین ریاستوں میں اپنے ٹھکانے تبدیل کرتے رہتے تھے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈکیتی، اقدام قتل اور جنسی زیادتی سمیت مبینہ طور پر ملزم کے نام پر 160 مقدمات درج ہیں۔

گذشتہ چار ماہ سے وسیم اکرم کا پیچھا کرنے والے ایک خصوصی سیل نے بالآخر جمعے کو انہیں گرفتار کیا۔

پولیس بیان میں کہا گیا: ’انسپکٹر شیو کمار کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی اور آنند وہار ریلوے سٹیشن کے قریب ایک جال بچھایا گیا، جہاں سے وسیم کو پکڑا گیا تھا۔‘

بیان میں کہا گیا کہ گرفتاری کے وقت ان کے قبضے سے تین کارتوسوں کے ساتھ ایک پستول بر آمد ہوا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا