ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان، شان مسعود کی واپسی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے لاہور میں ورلڈ کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاریوں کا اعلان کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم جمعرات کو لاہور میں سکواڈ کا اعلان کر رہے ہیں (تصویر: پی سی بی)

پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں شان مسعود کی واپسی ہوئی ہے جبکہ فخر زمان ریزرو کھلاڑی کے طور پر ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا جائیں گے۔

لاہور میں جمعرات کو ورلڈ کپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے سکواڈ کا اعلان کیا۔

پاکستان کا 15 رکنی سکواڈ

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسینین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، شاہین شاہ، شان مسعود اور عثمان قادر سکواذ میں شامل ہیں جبکہ فخر زمان، محمد حارث اور شاہنواز دھانی ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے تاہم وہ ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی پہلے سے انجری کا شکار ہیں اور صحتیاب ہو کر سکواڈ میں واپسی کے لیے ان دنوں انگلینڈ میں ہیں۔ دوسری جانب ایشیا کپ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے والے فخر زمان کو بھی انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف سریز کے لیے سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔

پاکستان کی ایشیا کپ میں حالیہ کارکردگی پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’آپ ایک دو میچوں کی بنیاد پر کارکردگی دیکھ رہے ہیں لیکن یہ نہیں دیکھ رہے کہ ہم نے بڑی بڑی ٹیموں کو ہرایا ہے۔‘

ان کے مطابق: ’ہم نے ایک ہفتے کے اندر ہی واپس آ کر انڈیا کو شکست دی جو بلین ڈالر کی ٹیم ہے۔‘

انگلینڈ کے خلاف 20 ستمبر سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے سکواڈ میں عامر جمال اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے جبکہ باقی کھلاڑی وہی ہوں گے جنہیں ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چیف سلیکٹر سے پریس کانفرنس کے دوران زیادہ تر سوالات شان مسعود کے حوالے سے تھے جن کا نام گذشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر مسلسل ٹرینڈ کر رہا ہے۔

محمد وسیم نے شان مسعود کے حوالے سے کہا کہ وہ اس وقت فارم میں ہیں اور نمبر تین پر بھی رنز بنا رہے ہیں۔ ’یہی وہ مسنگ لنک تھا جو ہمیں مل گیا اور ہم نے انہیں سکواڈ کا حصہ بنا لیا۔‘

تاہم شان مسعود کو بطور اوپنر کھلانے کے حوالے سے محمد وسیم نے کہا کہ ’جس طرح کی اوپننگ چل رہی ہے میں بیک اپ کے بارے میں سوچوں گا بھی نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’بابراعظم  پرفارم نہیں کر سکا لیکن کسی کو بھی شک نہیں ہو گا کہ وہ واپسی کریں گے۔‘

’بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی ہم نے میچ جیتے ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ایک یا دو کھلاڑیوں سے ٹیم نہیں چلتی۔‘

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ’اس ٹیم میں میچ ونر موجود ہیں جنہوں نے ماضی میں بھی میچ جتوائے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ