برے وقتوں میں ناکامیوں کے بارے میں کم سوچتا ہوں: بابر

پاکستانی کپتان پرامید ہیں کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز ان کو بہترین سکورنگ فارم میں واپس آنے میں مدد کرے گی۔

بابر اعظم نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا، ’مجھے امید ہے کہ اس سیریز میں اپنی بہترین واپسی کروں گا... اور یہ اچھا ہو گا اگر یہ ورلڈ کپ سے پہلے ہو جائے۔‘ (تصویر: پی سی بی ٹوئٹر)

اس ماہ کے شروع میں ایشیا کپ میں واجبی پرفارمنس کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے پیر کو کہا کہ انہیں امید ہے کہ انگلینڈ کے خلاف رواں ہفتے کراچی میں شروع ہونے والی سات میچوں کی سیریز ان کو بہترین سکورنگ فارم میں واپس آنے میں مدد کرے گی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 27 سالہ بابر متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے چھ میچوں میں صرف 68 رنز بنا سکے تھے۔

انگلینڈ ان دنوں 17 سال بعد پاکستان کے اپنے پہلے دورے پر ہے۔ اس سیریز کو آسٹریلیا میں اگلے ماہ ہونے والے مردوں کے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کے حصے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

بابر نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو میں بتایا، ’مجھے امید ہے کہ اس سیریز میں اپنی بہترین واپسی کروں گا... اور یہ اچھا ہو گا اگر یہ ورلڈ کپ سے پہلے ہو جائے۔‘

ایشیا کپ میں پرفارمنس نے بابر کو 1155 دن تک ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر رہنے کے بعد دوسرے نمبر پر دھکیل دیا۔ ان کی جگہ محمد رضوان نے لی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

80 میچوں میں 2,754 رنز کے ساتھ پاکستان کے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے بابر نے کہا کہ وہ بیٹنگ کے دوران چیزوں کو سادہ رکھتے ہیں۔

’میں خراب دور سے گزرتے وقت ناکامیوں کے بارے میں کم سوچتا ہوں۔

’بطور بلے باز آپ کی توجہ اپنی فارم کو بحال کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کرنا ہے اور ورلڈ کپ سے پہلے ایسا کرنا بہت اچھا ہوگا۔‘

بابر گذشتہ سال متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔

انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں 303 رنز بنائے، جہاں پاکستان سیمی فائنل میں شکست کھا گیا تھا۔

بابر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی سیریز ایک ’بڑا موقع‘ ہے۔ ’ظاہر ہے کہ وہ 17 سال بعد پاکستان آئے ہیں اس لیے یہ ایک بڑی سیریز ہے اور ہمیں ورلڈ کپ تک لے جانے میں مدد کرے گی تاکہ تمام کھلاڑی اس سے استفادہ کریں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ