ویمنز ایشیا کپ: پاکستانی بولنگ کے آگے انڈین بیٹنگ بے بس

ایک طرف تھائی لینڈ سے ہارنے والی پاکستان ویمن ٹیم تھی تو ایشیا کپ میں لگاتار تین میچوں میں فتح اور اس سے بھی پہلے انگلینڈ کو اسی کے میدانوں پر سیریز ہرا کر آنے والی انڈیا کی ٹیم تھی۔

پاکستان ویمن ٹیم نے انڈیا کے خلاف عمدہ بولنگ اور فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا (تصویر: پاکستان کرکٹ بورڈ)

پاکستان نے ویمنز ایشیا کپ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے انڈیا جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دے دی ہے۔

سلہٹ میں جاری ویمنز ایشیا کپ کے ایک اہم میچ میں پاکستان نے روایتی حریف انڈیا کو اپنی آل راؤنڈ پرفارمنس سے 13 رنز سے ہرایا۔

ایک طرف تھائی لینڈ سے ہارنے والی پاکستان ویمن ٹیم تھی تو ایشیا کپ میں لگاتار تین میچوں میں فتح اور اس سے بھی پہلے انگلینڈ کو اسی کے میدانوں پر سیریز ہرا کر آنے والی انڈیا کی ٹیم تھی۔

ایسے میں پاکستان ویمن ٹیم سے امیدیں کم ہی لگائی جا رہی تھیں لیکن انہوں نے سب کو ہی حیران کر دیا۔

انڈیا ویمن ٹیم کے خلاف میچ میں پاکستانی بولرز کے چہرے پر اعتماد بتا رہا تھا کہ جیسے کسی کو امید ہو یہ نہ ہو انہیں یقین تھا کہ وہ یہ میچ جیت جائیں گی۔

اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ پاکستان ٹیم کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہیں تھا مگر کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار نے ٹیم کو سنبھالا اور ایک قدرے بہتر ٹوٹل سکور بورڈ پر لگایا۔

ندا ڈار نے میچ میں شاندار آل راؤنڈر پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی اور ناٹ آؤٹ ہی پویلین لوٹیں۔

انڈیا کی طرف سے دیپتی شرما تین اور پوجا وستراکر دو وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہیں۔

بظاہر انڈیا جیسی ٹیم کے لیے یہ ہدف کوئی زیادہ مشکل دکھائی نہیں دے رہا تھا لیکن پاکستانی بولنگ اور فیلڈنگ نے اسے مشکل کے ساتھ ساتھ ناممکن بنا دیا۔

ہدف کے تعاقب میں صرف 23 کے مجموعی سکور پر انڈیا کی پہلی وکٹ گر گئی تھی۔ انڈین اوپنرز نشرا سندھو کا شکار بنیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کپتان بسمہ معروف نے پانچ بولرز کا استعمال کیا اور تمام بولرز نے ہی وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی طرف سے سعدیہ اقبال اور ندا ڈار نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا نشرا سندھو نے تین اور ایمن انور، توبہ حسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس فتح میں پاکستانی فیلڈنگ نے بھی اہم کردار ادا کیا، جس کا اندازہ سات کیچز اور ایک رن آؤٹ سے لگایا جا سکتا ہے۔

ریچا گھوش واحد انڈین بلے باز تھیں جنہوں نے اننگز کے اختتام پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 13 گیندوں پر 26 رن بنا کر تعاقب میں جان ڈالی۔

تاہم پاکستان نے کسی بھی موقع پر میچ پر اپنی گرفت جانے نہ دی اور انڈیا کو 19.4 اوورز میں 124 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

اب انڈیا اور پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر چھ، چھ پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں لیکن انڈیا کا رن ریٹ اچھا ہونے کی وجہ سے وہ پہلے نمبر پر ہی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ