’ہمیں ہنسانے کا شکریہ‘: اسماعیل تارا چل بسے

انہوں نے ہر مزاحیہ کردار اس انداز میں نبھایا کہ دیکھنے والے ان کی اداکاری پر قہقہے لگائے بغیر نہ رہ سکے۔

اہل خانہ کے مطابق اسماعیل تارا کافی عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے (ریڈیو پاکستان)

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین اسماعیل تارا جمعرات کی شب 73 سال کی عمر میں کراچی میں چل بسے۔

اہل خانہ کے مطابق اسماعیل تارا کافی عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے اور کراچی کے مقامی ہسپتال میں ان کا علاج جاری تھا، جہاں جمعرات کی صبح انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

16 نومبر 1949 کو پیدا ہونے والے اسماعیل تارا نے اپنے کیریئر کا آغاز 1980 میں کیا۔

انہوں نے ہر مزاحیہ کردار اس انداز میں نبھایا کہ دیکھنے والے ان کی اداکاری پر قہقہے لگائے بغیر نہ رہ سکے۔

اسماعیل تارا نہ صرف ٹی وی بلکہ سٹیج کے کئی ڈراموں میں بھی جلوہ گر ہوئے۔ 1990 کی دہائی کے معروف مزاحیہ پروگرام ’ففٹی ففٹی‘ میں ان کی اداکاری کے ایسے جوہر دیکھنے کو ملے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان کی مداح ہو گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کراچی آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے اسماعیل تارا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اسماعیل تارا سے میرا تعلق بہت پرانا تھا۔ انہوں نے اپنی اداکاری کے ذریعے عوام کے دلوں میں گھر کیا۔ مزاحیہ اداکاری میں اسماعیل تارہ نے اپنا منفرد مقام بنایا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایک ایک کر کے ہم سے ہمارے پیارے فن کار بچھڑتے جا رہے ہیں۔ اسماعیل تارا کے انتقال سے جو خلا پیدا ہو گا وہ کبھی پر نہیں ہو سکتا۔‘

اسماعیل تارا کے مشہور ڈراموں میں ’ربر بینڈ،‘ ’یہ زندگی ہے،‘ ’ون ڈے کرکٹ،‘ ’اورنگی ٹاؤن کی انوری‘ اور ’دہلی کالونی‘ سمیت دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے دس سے زائد فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں ’ہاتھی میرا ساتھی،‘ ’منڈا بگڑا جائے‘ اور ’چیف صاحب‘ شامل ہیں۔

اسماعیل تارا کو چار مرتبہ شاندار پرفارمنس پر نگار ایوارڈز برائے مزاحیہ اداکار سے بھی نوازا گیا۔

ان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ شہید ملت روڈ سے متصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔ انہوں نے سوگواروں میں بیوہ، چار بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

اسماعیل تارا کی وفات پر شوبز اور سیاست سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

معروف اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے اسماعیل تارا کی وفات پر لکھا: ’ہمیں ہنسانے کا شکریہ۔‘

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان نے اسماعیل تارا کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے سینکڑوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔

گلوکار عدنان سمیع خان نے بھی لیجنڈری کامیڈین کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اسماعیل تارا کی وفات پر یقین نہیں آ رہا۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن