جب جیتیندر سے ان کے والد نے کہا ’آ جا میری گود میں بیٹھ جا‘

انڈین اداکار جیتیندر کہتے ہیں کہ ایک بار وہ شوٹنگ کے لیے تاخیر سے پہنچے تو ہدایت کار شانتارام نے انہیں کھری کھری سنا دیں جس پر انہوں نے اپنے والد کو فون کال کی۔

جیتیندر کا بالی وڈ میں ڈیبیو فلم سہرا کے ذریعے بطور جونیئر آرٹسٹ ہوا (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

زندگی کے نشیب و فراز تو انسان کو بہت کچھ سکھا دیتے ہیں، ان نشیب و فراز کے دوران روا رکھے جانے والے انسانی رویے بھی انسان کی نفسیات پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔ اکثر اوقات یہی رویے ہوتے ہیں جو انسان کو بنا اور بگاڑ دیتے ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ کیریئر کے اوائل میں بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار جیتیندر کے ساتھ پیش آیا جس نے ان کی دنیا بدل کر رکھ دی۔

انڈین چینل سونی ٹی وی کے پروگرام انڈین آئیڈل میں بطور مہمان شریک اداکار جیتیندر نے ان دنوں کا قصہ شیئر کیا جب وہ انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لیے کوشاں تھے اور بطور جونیئر آرٹسٹ فلم ’سہرا‘ میں کام کر رہے تھے۔

جیتیندر کا بالی وڈ میں ڈیبیو فلم سہرا کے ذریعے بطور جونیئر آرٹسٹ ہوا۔

لیجنڈری اداکار نے پروگرام کے دوران بتایا کہ ایک مرتبہ وہ شوٹنگ کے لیے آدھا گھنٹہ تاخیر سے پہنچے جو ہدایت کار شانتارام کو پسند نہیں آیا اور دیر سے آنے پر انہیں کھری کھری سناتے ہوئے کہا: ’اس کو نکال دو، واپس ممبئی بھیجو، اس کی شکل نہیں دیکھنی۔‘

جیتیندر نے مزید بتایا کہ ’میں نے اپنے والد کو فون کیا اور بتایا ڈیڈی میں آدھا گھنٹہ تاخیر سے آیا، مجھے سب کے سامنے اتنا ڈانٹا اور نکال دیا اور کہا کہ اس کو ممبئی واپس بھیج دو۔۔۔ میرے والد نے جواباً جو بولا اس نے میری زندگی کی کایا پلٹ دی۔‘

میرے والد نے مجھ سے کہا: ’آ جا، آ کے میری گود میں بیٹھ جا۔‘

’میں ڈر گیا کہ ادھر وہ مجھے نکال رہے ہیں اور ادھر مجھے گالی پڑ رہی ہے، میں جاؤں تو جاؤں کہاں۔‘

بالی وڈ کو خوشبو جیسی کامیاب فلم دینے والے جیتیندر کا کہنا تھا کہ ’اگلی صبح چھ بجے میں میک اپ کرکے جونیئر آرٹسٹ کا لباس پہن کر شانتارام جی کے کمرے کے باہر کھڑا ہو گیا، جیسے ہی وہ باہر نکلے مجھے دیکھ کر وہ خوش ہو گئے اور کہا چل چل، اس کے بعد میں نے چمچہ گیری میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جیتنیدر نے کہا کہ اس کہانی سے جو سبق حاصل ہوتا ہے وہ میں سب نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں۔ ’ماں باپ کی گالی بھی آپ کے لیے آشیر باد ہے۔ سب کو بولتا ہوں کہ ماں باپ کے آشیر باد کے بغیر کچھ نہیں ہو سکتا۔‘

فلم ’سہرا‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے جیتیندر کا شمار بالی وڈ کے لیجنڈری اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے بالی وڈ کو کاروان، خوشبو، کنارا، آشا اور خودغرض جیسی کامیاب فلمیں دیں۔

جیتیندر کے بچے ایکتا کپور اور تشار کپور بھی بالی وڈ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا جانا مانا نام ہیں۔ تشار فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہیں جب کہ ان کی بیٹی ایکتا کپور نے ڈراما انڈسٹری کے کامیاب ترین سوپ سیریلز بنا کر اپنا سکہ جمایا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی فلم