سینیٹر اعظم سواتی تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر سندھ پولیس کے حوالے

سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف قمبر شہداد کوٹ کے دو مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی(تصویر پی آئی ڈی)

سندھ کے علاقے قمبر میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے اتوار کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹ کے رکن اعظم سواتی کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر سندھ پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس نے آج اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جس پر عدالت نے ان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ اعظم سواتی کے وکیل ایڈوکیٹ سہییل خان سواتی نے ریمانڈ کی مخالفت میں دلائل دے۔ 

سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف قمبر شہداد کوٹ کے دو مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

آج سینیٹر اعظم سواتی کی عدالت پیشی کے دوران عدالت کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔

جمعے کو بلوچستان ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف صوبے بھر میں درج مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد اسی دن سندھ پولیس نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

بعد ازاں انہیں سکھر ایئر پورٹ سے سخت سکیورٹی میں قمبر شہداد کوٹ لایا گیا۔

سندھ میں پی ٹی آئی کے رہنما ‏حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کی طبیعت ٹھیک نہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ وہ بلوچستان کی طرح سندھ کی عدالتوں سے بھی انصاف کی امید رکھتے ہیں۔

 اس سے قبل وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ہفتے کو کہا کہ ان کی حکومت کا اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات سے کوئی تعلق نہیں۔

اعظم سواتی اعلیٰ فوجی حکام پر مبینہ تنقید کی وجہ سے زیر حراست ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اعظم سواتی نے عدلیہ اور فوج کو ’بدنام‘ کیا اور سینیٹر کے خلاف چند افراد کی جانب سے درج کردہ شکایات کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اعظم سواتی کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے 27 نومبر کو اسلام آباد سے دو ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسری بار ایک ریلی میں ان کی متنازع تقریر اور سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سمیت اعلیٰ فوجی حکام کے بارے میں ٹویٹ کرنے پر گرفتار کیا تھا۔

(ایڈیٹنگ: بلال مظہر)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست