پاکستان میں ’پہلی بار‘ عرب ڈیجیٹل میڈیا کوارڈینیٹر تعینات

ڈاکٹر طلحہ الکشمیری عرب سوشل میڈیا پر جانی ہوئی شخصیت ہیں اور 2014 سے پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کے متعلق عرب دنیا کو آگاہی دے رہے ہیں۔

وزیر اعظم ہاؤس کے اعلامیے میں ڈاکٹر الکشمیری کی اعزازی بنیاد پر تقرری کا اعلان کیا گیا (ریڈیو پاکستان)

وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو پاکستان میں ڈاکٹر طلحہ محمد یونس الکشمیری کو عرب ڈیجیٹل میڈیا کوارڈینیٹر تعینات کردیا ہے۔

پیر کو جاری ہونے والے وزیر اعظم ہاؤس کے اعلامیے میں ڈاکٹر الکشمیری کی اعزازی بنیاد پر تقرری کا اعلان کیا گیا۔

اس سلسلے میں وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ابوبکر عمر نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

جبکہ ڈاکٹر طلحہ محمد یونس الکشمیری نے اپنی تعیناتی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارعربی زبان کے لیے کوارڈینیٹر کا انتخاب کیا گیا ہے‘ جس سے ان کی پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو بڑھانے کے لیے حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

 ڈاکٹر طلحہ محمد یونس الکشمیری کون ہیں؟

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر طلحہ الکشمیری نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے پی ایچ ڈی کی، جس کا مقالہ ’اردو اور عربی ادبیات میں تذکرۂ کشمیر‘ کے عنوان سے تھا۔

کشمیر پر انہوں نے عربی زبان میں ایک کتاب تحریر کی ہے جس کا عنوان ’سعودی ادب میں تذکرۂ کشمیر‘ ہے۔ پاک عرب تعلقات کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے ’علامہ اقبال اور سعودی عرب‘ کے عنوان سے بھی کتاب تحریر کی ہے۔

اس کے علاوہ کشمیر پر عربی زبان میں پہلا ناول بھی ’چناروں کی اوٹ میں‘ کے نام سے تحریر کیا ہے۔

وہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے اسلامی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں پوسٹ ڈاکٹریٹ ریسرچر کے طور پر زیرِ تعلیم ہیں۔

ڈاکٹر طلحہ الکشمیری عرب سوشل میڈیا پر جانی پہچانی شخصیت ہیں اور 2014 سے پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کے متعلق عرب دنیا کو آگاہی دے رہے ہیں، اور پاکستان کا امیج عرب ممالک میں اجاگر کرتے آئے ہیں۔

اس سلسلے میں ’پاکستان بالعربیہ‘ اور ’پاکستان الیوم‘ کے نام سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز چلاتے رہے ہیں، جس کا مقصد پاکستان اور عرب ممالک کے نوجوانوں کے درمیان افہام وتفہیم کے لیے روابط قائم کرنا ہے۔

(ایڈیٹنگ: ندا حسین)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان