مارگلہ میں پایا جانے والا ایک اور تیندوا ہلاک، لاش غائب

وائلڈ لائف بورڈ کے مطابق منگل کی رات ایک تیندوا شکار کا پیچھا کرتے ہوئے جی ٹی روڈ پر نکل آیا اور گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہو گیا۔

اسلام آباد کے شمال میں واقع مارگلہ کی پہاڑیوں میں پایا جانے والا ایک تیندوا منگل کی رات وفاقی دارالحکومت سے تقریبا 20 کلومیٹر دور سنگجانی کے مقام پر جی ٹی روڈ پر نکل آیا اور گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہو گیا۔

اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کی سربراہ رائنہ سعید خان ستی نے سوشل میڈیا پر تیندوے (Common Asian Leopard) کی ہلاکت سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بعد ازاں جانور کے باقیات غائب ہو گئے۔

انہوں نے لکھا کہ واقعے کا علم ہونے پر بورڈ کی ایک ٹیم لاش حاصل کرنے اور اس کی آٹاپسی کروانے کی خاطر بھیجی گئی، لیکن مردہ تیندوا وہاں موجود نہیں تھا۔

رائنہ سعید خان نے عوام سے اس واقعے یا تیندوے کی لاش سے متعلق معلومات ہونے کی صورت میں حکام سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

’خطرے سے دوچار جانوروں کی باقیات پر قبضۃ کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ کی جانب سے عینی شاہدین کی تلاش جاری ہے تاکہ مقدمہ درج کیا جا سکے۔

مذکورہ ویڈیو میں سڑک پر پڑی ہوئی تیندوے کی لاش کو دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ جانور کے سر کے قریب زمین پر خون بھی موجود ہے۔

ویڈیو، جو رائنہ سعید خان کے مطابق وہاں موجود ایک کیمرہ مین نے بنائی تھی، میں ایک شخص بتا رہا ہے کہ منگل کی رات 2:15 پر ایک تیندوا اچانک ان کی گاڑی کے سامنے آ گیا اور ٹکر لگنے سے ہلاک ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ جی ٹی روڈ پر سنگجانی کے مقام پر پیش آیا اور تندوے کے  ٹکرانے سے ان کی گاڑی کے بمپر کو بھی نقصان پہنچا۔

رائنہ سعید خان کے مطابق تیندوا اپنے شکار کا پیچھا کرتے ہوئے سڑک پر نکل آیا تھا، اور پہلے ایک ٹرک اور پھر موٹر کار کی ٹکر سے ہلاک ہو گیا۔

ایک سابق فارسٹر سید رضوان محبوب نے ٹوئٹر پر لکھا: ’اگر کوئی تیندوا مارگلہ کے مغربی کونے (نیکولسن یادگار کے قریب، ٹیکسلا) تک پہنچ رہا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ مارگلہ میں تیندوے کا مسکن ممکنہ طور پر کم علاقے اور کم شکار جیسی وجوہات کے باعث مسائل سے دوچار ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ صرف مارگلہ کے ایکو سسٹم میں گنجائش کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ ہر طرف سے ہوٹلوں اور تفریح گاہوں کی تعمیر کی شکل میں یہ انسان کے پیدا کردہ مسائل ہیں، جو شکار کی کمی کا باعث بن رہا ہے۔

’مارگلہ میں معمول کے مطابق معاملات نہیں چلیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عبدالروف نامی صارف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ حالیہ دنوں میں تیندووں کی ہلاکتوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ’حکومتی اداروں کو اس سلسلے میں سنجیدگی سے کچھ کرنا چاہیے۔‘

ایک فیس بک صارف صابر حسین نے لکھا: ’اگر آپ ٹرک ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے جا رہے ہیں تو اپنے جانوروں کو اپنے جنگلوں میں رکھیں، انہیں سڑکوں پر نہ آنے دیں۔ اصل ایف آئی آر آپ لوگوں پر ہونا چاہیے کہ تیندوا سڑک پر کیوں آیا؟‘

گذشتہ مہینے مارگلہ کی پہاڑیوں میں پایا جانے والا ایک تیندوے نے اسلام آباد کے سید پور گاوں میں گھس کر ایک بکری کا شکار کیا تھا، جس سے رہائشیوں میں خوف ہ ہراس پھیل گیا۔ 

گذشتہ چند ماہ کے دوران مارگلہ کی خوبصورت پہاڑیوں میں پائے جانے والے دو تیندوے مختلف واقعات میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان