سال 2022 یوں تو پاکستان کے لیے کئی حوالوں سے یادگار سال رہا لیکن گذشتہ سال پاکستان بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابیں کون سی رہیں، اسی بارے میں جاننے کے لیے انڈپینڈنٹ اردو نے اپنے قارئین کے لیے یہ ویڈیو رپورٹ مرتب کی ہے۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی بات کی جائے تو کراچی کی اردو مارکیٹ کے کتب فروش محمد آصف کا کہنا ہے کہ ’2022 سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں میں ناول سرفہرست رہے۔‘
محمد آصف کے مطابق سب سے زیادہ فروخت ہونے والے ناولز میں عمیرہ احمد اور نمرہ احمد کے ناول سرفہرست رہے ہیں۔ شاعری کی کتابیں بھی اس سال بڑی تعداد میں بکی ہیں جن میں جون ایلیا کی کتب سب سے زیادہ فروخت ہوئیں۔
انگریزی زبان کی کتابوں میں محمد آصف کے مطابق زیادہ بکنے والی کتابوں میں موٹیویشنل کتابیں شامل تھیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دارالحکومت اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ایک کتب فروش ایاز کے مطابق سب سے زیادہ بکنے والی کتاب ’چینجنگ ورلڈ آرڈر‘ تھی جبکہ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب ’پولیٹکل کانفلکٹ ان پاکستان‘ رہیں۔
اردو زبان میں فروخت ہونے والی کتابوں میں مستنصر حسین تارڑ کے سفر نامے کی کتابیں سب سے زیادہ فروخت ہوئیں۔
پشاور کے کتب فروش اکرام اللہ خان کے مطابق گذشتہ سال سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب ’جنت کے پتے‘ تھی جو نمرہ احمد نے تحریر کی۔ جب کہ انگریزی کی کتابوں میں ’اٹ اینڈز ود اس‘ سب سے زیادہ فروخت ہوئی۔
جہلم سے تعلق رکھنے والے کتب فروش گگن شاہد کے مطابق گذشتہ سال سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابیں ’سب رنگ کہانیاں‘ رہیں۔
جب کہ معروف مصنف پاؤلو کوئیلو کی کتاب الکیمسٹ بھی زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں میں شامل تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اردو ناولوں میں علی اکبر ناطق کا ’نولکھی کوٹھی‘ سب سے زیادہ پڑھا گیا۔